
حسیب طاہر/ اسلام آباد
آج طبیعت کچھ ناساز رہی۔ بلڈ پریشر کم تھا، چکر آ رہے تھے اور دل کی دھڑکن بھی معمول سے تیز تھی۔ بس پھر کیا تھا، سارا دن آرام ہی میں گزر گیا۔ صبح
ناشتہ کیا اور اس کے بعد بستر ہی کو اپنا مسکن بنائے رکھا۔ اب کچھ طبیعت سنبھلی تو بھوک کا احساس بھی ہونے لگا۔
بھوک تو ویسے نہیں تھی، لیکن بیگم نے گاؤں سے آئی ہوئی ایک سوغات کا ایسا اہتمام کیا کہ انکار ممکن نہ رہا۔ وہ تھے تازہ تازہ ہرے ہرے مونگرے، جو سعدیہ بہن نے اپنے ہاتھوں سے کاٹ کر بڑی محبت اور چاہت سے ہمارے لئے بھیجے تھے۔ آلو مونگروں کا سالن تیار ہوا۔ جونہی روٹی کے ساتھ پہلا نوالہ لیا، بھوک جیسے لوٹ کر واپس آ گئی۔ پھر ایک نوالے کے بعد دوسرا اور دوسرے کے بعد تیسرا۔ کیا ذائقہ تھا۔دو روٹیاں کھا گیا ۔ سواد آگیا بادشاہو!۔
اب مونگرے کھا کر بیماری جاتی بھی کیوں نہ! ایک تو گاؤں کی سوغات، دوسرے بہن کے ہاتھوں سے تیار ہو کر آئی تھی۔ کھانے میں ذائقہ بھی تھا اور محبت بھی۔ مونگرے کھاتے ہی ماں کے ہاتھوں کے زمانے کی یاد تازہ ہو گئی۔
عمر کا بھی کیا الٹ پھیر ہے!۔
بچپن میں ماں مونگرے کھانے پر اصرار کرتی تھیں اور ہم منہ بناتے تھے۔ ماں کہتی تھیں، کھاؤ، بڑے فائدے کی چیز ہےاور ہم ناراض ہو کر ادھر ادھر بھاگتے پھرتے۔ ماں پیچھے پیچھے اور ہم آگے آگے۔ پھر باہر سے پکوڑے آ جاتے، تو انہیں کھانے کے ساتھ ماں کی میٹھی میٹھی ڈانٹ بمع ہلکا سا تھپڑ بھی نصیب ہوتا۔
آج وہی زندگی کا الٹ چکر شروع ہو گیا ہے۔ جن کھانوں کے نام سن کر کبھی منہ بناتے تھے، آج وہی بڑے شوق سے کھاتے ہیں۔ بینگن اچھے لگنے لگے ہیں، جن کے بچپن میں ہم کئی کئی نام رکھا کرتے تھے۔ کالی توری بھی کھا لیتے ہیں، کالے چنے بھی اور اروی بھی۔ گویا اب تو ہر وہ چیز پسند آنے لگی ہے جسے کبھی ناپسندیدہ سمجھتے تھے۔
مگر ایک مسئلہ ہے، جو چیز اب پسند آتی ہے، دانت اس کی اجازت نہیں دیتے!
گوشت کھانے بیٹھیں تو اِتنا گوشت معدے میں نہیں جاتا، جتنا دانتوں میں پھنس جاتا ہے۔ کھانے میں اگر آدھا گھنٹہ لگتا ہے تو دانتوں سے گوشت نکالنے میں پورا ایک گھنٹہ صرف ہو جاتا ہے۔
ایک مرتبہ بڑے شوق سے مٹن لینے قصاب کے پاس پہنچے۔ بڑے اہتمام سے کہا کہ دستی کا گوشت دینا، بوٹیاں چھوٹی چھوٹی بنانا۔اچھی طرح صاف کرو ۔گھر آ کر بیگم سے کہا کہ آج اسے خوب بھوننا، ٹماٹر اور مصالحے ڈال کر مزیدار کڑاہی تیار کرنا۔
بس جناب! ایسی شاندار کڑاہی تیار ہوئی کہ خوشبو سے ہی بھوک دوگنی ہو گئی۔ بڑے شوق سے کھانے بیٹھے۔ ابھی دوسرا نوالہ ہی لیا تھا کہ محسوس ہوا دانت کا کور منہ میں آ گیا ہے۔ ساری کڑاہی اور سارا شوق وہیں رہ گیا۔ پھر کیا تھا، فوراً ڈینٹل کلینک کا رخ کرنا پڑا۔
ڈاکٹر صاحب سے وقت لیا تو دو دن بعد کی باری ملی۔ بڑی مشکل سے اپنی باری آئی۔ معائنہ کرنے کے بعد فرمانے لگے کہ ساتھ والا دانت بھی خراب ہو رہا ہے، اب تو برج لگانا پڑے گا۔ پوچھا، ڈاکٹر صاحب، خرچہ کتنا آئے گا؟ فرمانے لگے، تقریباً اسی ہزار روپے۔
یوں بھائی صاحب، وہ مٹن کڑاہی ہمیں نوے ہزار روپے میں پڑ گئی!
اب تو یہی مشورہ ہے کہ گوشت کے چکر میں نہ پڑو۔آپ جوانی کی بہاروں کو اس عمر میں محسوس تو کر سکتے ھیں اُن میں واپس نہیں لوٹ سکتے۔سوپ پیو، یخنی پیو، کسٹرڈ کھاؤ اور اللہ اللہ کرو۔ زندگی بھی خوش اور دانت بھی خوش!یہی تو زندگی کا مزاج ہے۔ بچپن میں ماں کی ڈانٹ سے بچنے کے لیے بھاگتے تھے، جوانی میں اپنی پسند کے کھانے تلاش کرتے تھے اور اب بڑھاپے میں پسندیدہ کھانوں سے بھی اجازت لینا پڑتی ہے۔ وقت کے ساتھ ذوق بھی بدلتا ہے، ترجیحات بھی اور زندگی گزارنے کے انداز بھی۔مگر ان سب تبدیلیوں کے باوجود کچھ چیزیں ہمیشہ قیمتی رہتی ہیں۔ ماں کے ہاتھ کا ذائقہ، بہن کے ہاتھ کی سوغات، بیگم کی محبت اور خاندان کے رشتوں کی مٹھاس۔ یہی وہ دولت ہے جس کی کوئی قیمت نہیں لگائی جا سکتی۔
اللہ کا شکر ہے کہ زندگی کے اس مرحلے پر بھی یادیں ساتھ ہیں، اپنوں کی محبتیں میسر ہیں اور چھوٹی چھوٹی خوشیوں سے دل بہل جاتا ہے۔ اب تو دن کا بڑا حصہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہی گزر جاتا ہے۔
آخر میں یہی احساس دل میں ابھرتا ہے کہ زندگی کی شام میں بہت کچھ پیچھے رہ گیا، بہت کچھ بدل گیا، مگر جو باقی ہے اسے محبت سے سمیٹ لینا چاہیے۔
اب تو یہی سوچتے ہیں بھائی!
جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو
وقت کی آندھی تیز بہت ہے۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو، صحت و عافیت عطا فرمائے، اپنوں کا سایہ قائم رکھے اور زندگی کے باقی سفر کو محبت، سکون اور شکر گزاری کے ساتھ گزارنے کی توفیق دے۔



































