
زنیرہ اقبال
سب غم ایک طرف فکر معاش کا غم ایک طرف،یہ وہ دکھ ہے جو نوجوان کی اصل عمر سے پہلے سنجیدگی لا رکھتی ہے ۔۔ ذمہ داریاں ان کے کندھے بھاری
کر دیتی ہیں ۔۔ روزگار کا دکھ نوجوانوں کو ان کے گھر سے دور کر دیتا ہے۔۔
اس کے جوان کندھوں پر باپ کی خاموش پریشانیاں تھیں۔ ماں کی ادھوری خواہشیں تھیں۔ چھوٹے بہن بھائیوں کی تعلیم تھی۔ گھر کے بجھتے چولہے تھےاور وہ بے شمار ضرورتیں تھیں جنہیں پورا کرنے کے لیے اسے ہر روز خود سے لڑنا پڑتا تھا۔۔ وہ جانتا تھا کہ محبت صرف ساتھ رہنے کا نام نہیں، کسی کے لیے وقت نکالنا بھی محبت ہے۔ کسی کے خوابوں میں شریک ہونا بھی محبت ہے مگر اس کے پاس وقت کہاں تھا؟۔اس کے دن مزدوری میں اور راتیں حساب کتاب میں گزرتی تھیں ۔
ادھر وہ تھی جو اس کی منتظر تھی۔۔اس سے مخلص تھی ۔ اسے اس کی مصروفیت سے شکایت نہیں تھی۔ بس کبھی کبھی یہ خواہش ضرور ہوتی کہ وہ تمام ذمہ داریوں سے چند لمحے چرا کر اس کے نام بھی کر دے۔وہ چاہتی تھی کہ کوئی شام ایسی ہو جس میں روزگار کا ذکر نہ ہو۔ کوئی گفتگو ایسی ہو جس میں گھر کے خرچ کا حساب نہ لگانا پڑے۔ کوئی دن ایسا ہو جس میں وہ صرف اس کا ہو۔۔مگر وہ ہر بار یہی کہتا تھا۔۔حالات سنبھل جائیں ، تمہارے لیے وقت ضرور نکالوں گا۔
اس نے کئی بار چاہا کہ اس سےاس کے بارے پوچھا جائے مگر گھر کے بڑے لوگوں سے ایسے سوال نہیں کیے جاتے۔ ان سے تو صرف یہ پوچھا جاتا ہے کہ کل کے اخراجات کیسے پورے ہوں گے؟۔
وہ گھر کا بڑا تھا، اس لیے اسے سب کے مستقبل کی فکر رہی ،مگر کسی نے یہ نہیں سوچا کہ اس کے اپنے مستقبل میں بھی کوئی تھا۔جسے اس نے روزگار کی خاطر کھو دیا تھا۔۔شاید زندگی کا سب سے بڑا المیہ یہی ہے کہ کچھ لوگ گھر بناتے بناتے اپنا گھر بسانے کا خواب ہار جاتے ہیں۔ ان کے ہاتھوں میں سب کے لیے آسائشیں ہوتی ہیں مگر اپنے لیے صرف چند پرانی یادیں۔
اور وہ آج بھی کماتا ہے کیونکہ گھر چلانا ضروری ہے، بس اب اسے یہ سمجھ نہیں آتا کہ جس گھر کے لیے اس نے اپنی محبت قربان کی تھی، اس گھر میں اس کے اپنے دل کے لیے جگہ آخر کہاں ہے؟



































