
زنیرہ اقبال
زندگی ایک ایسی کتاب ہے جس کے ہر صفحے پر کچھ نہ کچھ لکھا ہوتا ہے مگر عجیب بات یہ ہے کہ ہم اکثر اس کتاب کے مرکزی متن سے زیادہ اس کے حاشیوں میں لکھی ہوئی عبارتوں کو محسوس کرتے ہیں۔۔ مگر کیوں ؟کیونکہ کچھ لوگ پوری زندگی دوسروں کی کہانی کا کردار بن کر رہ جاتے ہیں۔اپنی خواہشیں، اپنے خواب اور اپنی آواز کہیں بہت پیچھے چھوڑ آتے ہیں۔۔ شاید یہی لوگ ہیں ہوتے ہیں جو زندگی کے حاشیے پر کھڑے ہوتے ہیں۔۔
"حاشیہ وہ جگہ ہے جہاں عموماً وہ باتیں لکھی جاتی ہیں جو اصل متن کا حصہ تو نہیں ہوتیں مگر متن کو سمجھنے میں مدد دیتی ہیں" انسان کی زندگی بھی کچھ ایسی ہی ہے۔ہمارے چہرے پر مسکراہٹ اصل متن ہےمگر اس کے پیچھے چھپی تھکن حاشیہ ہے۔۔ ہماری کامیابی سب کو دکھائی دیتی ہے مگر اس کامیابی کے لیے کی گئی خاموش قربانیاں کہیں حاشیے میں لکھی ہوتی ہیں۔ لوگ ہماری منزل دیکھتے ہیں راستے کی دھول نہیں۔۔
کبھی کبھی انسان لوگوں کے ہجوم میں رہتے ہوئے بھی خود کو تنہا محسوس کرتا ہے۔۔ وہ سب کے دکھ سنتا ہے، سب کے سوالوں کے جواب دیتا ہے سب کے لیے وقت نکالتا ہے مگر جب اپنی باری آتی ہے تو اس کے پاس خاموشی کے سوا کچھ نہیں ہوتا۔۔وہ دوسروں کی زندگی میں ایک ضروری کردار ادا کر رہا ہوتا ہے،، مگر اپنی زندگی میں خود کو غیر ضروری سمجھنے لگتا ہے۔۔ یہی وہ لمحہ ہے جب انسان اپنے ہی وجود کے حاشیے پر جا کھڑا ہوتا ہے،
زندگی کے حاشیے پر کھڑے لوگوں کی ایک عجیب عادت ہوتی ہے۔وہ شکوہ کم کرتے ہیں۔ انہیں معلوم ہوتا ہے کہ ہر درد کو الفاظ نہیں ملتے۔۔ وہ ٹوٹتے بھی ہیں تو اس طرح کہ آواز نہیں ہوتی۔۔ ان کے اندر کئی کہانیاں دفن ہوتی ہیں۔ کئی سوال جواب کے منتظر رہتے ہیں مگر وہ دنیا کے سامنے معمول کے مطابق مسکراتے رہتے ہیں۔
مگر کیا حاشیہ واقعی اختتام ہے؟
نہیں۔۔۔
کبھی کبھی حاشیہ ہی وہ جگہ ہوتی ہے جہاں انسان اپنی اصل کہانی لکھنا شروع کرتا ہے۔ جب دنیا کی آوازیں مدھم پڑتی ہیں، تب انسان پہلی بار اپنے دل کی آواز سنتا ہے۔ اسے احساس ہوتا ہے کہ وہ صرف دوسروں کی توقعات پوری کرنے کے لیے پیدا نہیں ہوا۔۔۔ اس کے بھی خواب ہیں، اس کی بھی خواہشیں ہیں، اور اس کی زندگی بھی اتنی ہی قیمتی ہے جتنی کسی اور کی۔
شاید زندگی کا سب سے بڑا المیہ یہ نہیں کہ ہم حاشیے پر کھڑے ہو جاتے ہیں، بلکہ یہ ہے کہ ہم وہیں کھڑے رہنے کو اپنی تقدیر سمجھ لیتے ہیں۔
زندگی ہمیں بار بار موقع دیتی ہے کہ ہم اپنے وجود کی کتاب میں ایک نیا صفحہ لکھیں۔ضروری نہیں کہ ہر صفحہ روشن ہو، ضروری نہیں کہ ہر خواب پورا ہو، اور ضروری نہیں کہ ہر راستہ آسان ہو۔
" مگر ضروری یہ ہے کہ ہماری کہانی میں ہماری اپنی آواز موجود ہو"کیونکہ زندگی صرف وہ نہیں جو دنیا ہمیں دیتی ہے زندگی وہ بھی ہے جو ہم دنیا سے چھن جانے کے بعد اپنے اندر بچا لیتے ہیں۔۔اور شاید ایک دن، جب ہم اپنی زندگی کی کتاب پلٹ کر دیکھیں گے، تو معلوم ہوگا کہ جسے ہم حاشیہ سمجھتے رہے، وہی دراصل ہماری کہانی کا سب سے سچا حصہ تھا۔۔۔



































