
نازش مرتضٰی
کراچی کی سڑکوں پر چلتے ہوئے اب شہریوں کو صرف ٹریفک جام، ٹوٹی ہوئی سڑکوں اور دھول مٹی سے نہیں بلکہ ہولناک موت سے بھی خوف محسوس
ہوتا ہے ۔ موت کا یہ خوف وہ دہشت گردی نہیں جس کا شکار یہ شہر تین عشروں تک رہا بلکہ یہ خوف کسی چوراہے پر دندناتے ڈمپر، کسی تنگ سڑک پر بے قابو واٹر ٹینکر یا بھاری گاڑیوں کی بےلگام دوڑ سے ہنستے بستے گھر کے ماتم کدہ میں تبدیل ہونے کا خوف ہے ۔
کراچی میں ڈمپرز اور واٹر ٹینکرز کے ہاتھوں شہریوں کی جانیں جانے کے واقعات نے ایسا خوف پیدا کردیا ہے کہ سڑک پر نکلنے والا ہر شخص اپنے گھر بحفاظت واپس پہنچنے کی دعا کرتا ہے۔ ان بھاری گاڑیوں کے نیچے کچلے جانے والے افراد محض حادثات کے اعدادوشمار نہیں بلکہ کسی کے والد، کسی کے بیٹے، کسی کے شوہر اور کسی کے گھر کا واحد کفیل ہوتے ہیں۔
ذرا تصور کیجیے، ایک گھر میں شام کے وقت دسترخوان بچھا ہے، بچے اپنے والد کی آمد کے منتظر ہیں، بوڑھے والدین دروازے کی طرف دیکھ رہے ہیں اور کسی کی بیوی بار بار فون پر رابطے کی کوشش کر رہی ہےمگر اس گھر کا وہ فرد جو چند لمحے پہلے روزگار یا کسی ضرورت کے لیے گھر سے نکلا تھا، اب کبھی واپس نہیں آئے گا۔
ایک ڈمپر یا واٹر ٹینکر نے اسے زندگی سے محروم کردیا لیکن اس حادثے کا دکھ، اس کی محرومی اور اس کے اثرات ایک پورے خاندان کی زندگی میں ہمیشہ کے لیے ثبت ہوگئے۔ ٹریفک حادثہ محض سڑک پر پیش آنے والا ایک واقعہ نہیں۔یہ کئی گھروں کے خواب، امیدیں اور مستقبل بھی اپنے ساتھ لے جاتا ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ آج کل ایک سیاسی لیڈر جن کا نام موسیقی کے ایک "ٹھاٹھ" پر ہے ،وہ کراچی کی سڑکوں پر "خون بہانے" کی دھمکیاں دے رہے ہیں لیکن اس سے قطع نظر اسی طرح کے سڑک پر رونما ہونے والے المناک سانحات پر اقوام متحدہ کی جانب سے ہر سال نومبر کے تیسرے اتوار خصوصی دن منایا جاتا ہے ۔
اقوام متحدہ کے تحت یہ دن 2005 سے منایا جارہا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد ایسے افراد کو یاد کرنا ہے جوکہ ٹریفک حادثات میں جان سے گئے یا پھر ساری زندگی کی معذوری ان کا مقدر بنی ۔اس دن کا مقصد صرف یاد کرنا نہیں بلکہ ایسےخاندانوں کو سہارا دینا ہے جن کے پیارے سڑکوں پر زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں ۔ ان کو قانونی مالی اور جذباتی معاونت فراہم کی جائے ۔
عالمی ادارہ صحت کے اندازے کے مطابق پاکستان میں ہر سال 27 سے 28 ہزار افراد ٹریفک حادثات میں جابحق ہوتے ہیں ۔یہ صرف افراد نہیں ہوتے بلکہ 27 ہزاد خاندان ہوتے ہیں ۔ کوئی بچہ اپنے باپ سے محروم ہو جاتا ہے تو کوئی نوجوان اپنے باپ کے بوڑھے کندھوں پر راہ عدم کا مسافر بن جاتا ہے ۔
سندھ اور خاص طور پر کراچی میں ٹریفک حادثات کی بڑی وجہ لا قانونیت اور ناقص انفرااسٹرکچر ہے۔ ٹوٹی ہوئی سڑکیں اور اس پر دندناتے ہوئے ڈمپر اور واٹر ٹینکر اب تو ایسا محسوس ہونے لگا ہے کہ کراچی کے عوام سڑکوں پر حادثات کا شکار نہیں بلکہ ناقص حکمت عملی مافیاز کے ہاتھوں قتل ہوتے ہیں
جوان سے بچ جاتے ہیں وہ نشے میں دھت امیر زادوں اور مالدار آنٹیوں کے ہاتھوں جان سے جاتے ہیں ۔
ریسکیو حکام اور ٹریفک پولیس کے مطابق رواں برس کراچی میں اب تک 801 افراد حادثات میں جان سے گئے اور نو ہزار دو سو گیارہ زخمی ہوئے ۔
ان میں سے 234 صرف ڈمپر اور واٹر ٹینکر کی زد میں آکر جان سے گئے ۔ ترقی یافتہ ممالک میں بھی ٹریفک حادثات ہوتے ہیں لیکن بہت کم کیونکہ وہاں سڑکیں اچھی ہیں اور قوانین بہت سخت ۔ وہاں حادثے کا شکار ہونے والے افراد کے خاندان کو تنہا نہیں چھوڑا جاتا۔ حکومت مالی مدد کرتی ہے۔ قانونی چارا جوئی ہوتی ہے۔ متاثرہ خاندان کو دکھ سے نکالنے کے لیے ڈاکٹرز کی مدد لی جاتی ہے ۔حادثے کے ذمہ داران کو سخت سزائیں دی جاتی ہیں
لیکن پاکستان میں صورتحال اس کے برعکس ہے ۔اکثر حادثات کے وقت ڈائیور موقع سے فرار ہو جاتے ہیں اور جب قانونی چارہ جوئی کا وقت آتا ہے تو بھی جانبداری سے کام لیا جاتا ۔
اگر کوئی خاندان قانونی کارروائی آگے بڑھانا چاہتے ہیں تو مختلف ذرائع سے ڈرا دھمکا کر دیت پر مجبور کر دیا جاتا ہے ۔اس طرح غریب کے خون کی قیمت لگادی جاتی ہے کیونکہ پاکستان کا غریب اور مڈل کلاس شہری یہ جانتا ہے کہ انصاف اس کے لیے نہیں خون سستا ہے اور انصاف مہنگا ۔۔۔ قانون صرف سزادینے کا نام نہیں بلکہ یہ پیغام دینا ہوتا ہے کہ اگر کوئی بھی ایسی غلطی کرے تو سزا سے نہیں بچ پائے گا لیکن یہاں یہ پیغام دیا جاتا ہے کہ اگر آپ مالدار ہیں تو کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔
پاکستان میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے ۔پاکستان میں ٹریفک سے متعلق تمام شعبہ جات سے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہوگا چاہے۔وہ لائسنس کا حصول ہو یا پھر گاڑیوں کے روٹ پر مٹ کا اجراء۔بهاری گاڑیوں کے شہر میں داخلے کے اوقات کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔کسی بھی حادثے کی صورت میں غیر جانبدارانہ تحقیقات کے بعد ہی قتل عمد اور قتل خطا کا فیصلہ کیا جائے تاکہ متاثر ہ خاندانوں کے لیے انصاف کا حصول ممکن ہو ۔



































