
اسلام آباد( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل ) وزیراعظم شہباز شریف نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کی برآمدات میں اضافے کے لیے
ایکسپورٹ فنانس اسکیم کے تحت 300 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ رقم صرف ایس ایم ایز اور نئے برآمد کنندگان کے لیے مخصوص ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار سے وابستہ برآمد کنندگان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ایس ایم ایز کے فروغ، برآمدات میں اضافے اور کاروباری طبقے کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کی برآمدات بڑھانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات کا بنیادی مقصد ایس ایم ایز کے لیے برآمدات کے عمل کو آسان بنانا اور انہیں درپیش رکاوٹیں دور کرنا ہے۔ اس سلسلے میں ایکسپورٹ فنانس اسکیم کے تحت مختص کیے گئے 300 ارب روپے صرف چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور نئے برآمد کنندگان کو فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے ضلعی سطح پر ایس ایم ای سہولت مراکز قائم کرنے کی بھی منظوری دے دی۔ اعلامیے کے مطابق اس منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں سہولت مراکز قائم کیے جائیں گے، جبکہ کامیابی کی صورت میں ان کا دائرہ کار بتدریج ملک کے تمام اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔
وزیراعظم نے عوام میں کاروبار شروع کرنے سے متعلق آگاہی بڑھانے کے لیے اقدامات کرنے اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان (ٹی ڈی اے پی) اور سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی بھی ہدایت کی۔اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے وفد کی جانب سے پیش کی جانے والی قابل عمل تجاویز پر غور کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔ اس موقع پر وفد کے شرکا نے ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا۔
اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، جام کمال خان، مصدق ملک، احد چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ اور شزا فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے شرکت کی۔




































