
ایپوہ(اسپورٹس ڈیسک )ملائیشیا کے شہرمیں جاری سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے اپنی
فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے امریکا کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی۔
ایونٹ میں اپنے دوسرے میچ کے دوران قومی ٹیم نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا، تاہم پہلے کوارٹر میں دونوں جانب سے کوئی گول نہ ہوسکا۔
پاکستان کی جانب سے 18ویں منٹ میں رانا وحید اشرف نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی، جسے 21ویں منٹ میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے دگنا کردیا,تیسرے کوارٹر میں امریکی کھلاڑی سیکائی نے گیند کو جال میں پہنچا کر اسکور 2-1 کردیا، تاہم محمد عماد نے فوری گول کرتے ہوئے پاکستان کی برتری دوبارہ دو گول کردی۔
میچ کے آخری کوارٹر میں بھی قومی کھلاڑیوں نے دباؤ برقرار رکھا۔ 46ویں منٹ میں ابو محمد جبکہ 58ویں منٹ میں حنان شاہد نے گول اسکور کرکے پاکستان کی برتری 5-1 کردی۔اس طرح قومی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکا کو چار گول کے بڑے فرق سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی۔














