
ام حسن
خدا پر بھروسہ انسان کو دنیا و مافیہا کی غلامی سے نکال کر ایک خالق کی غلامی میں دے دیتا ہے۔ خدا سے تعلق مضبوط ہوتا ہے تو دنیا کے سہاروں پر
بھروسہ اور اعتماد کے بجائے اللہ پر مکمل یقین پیدا ہوتا ہے۔ اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ انسان دنیا کے اسباب کو اختیار نہ کرے ،بس صرف بیٹھ کر اللہ سے بھروسے کی امید رکھے بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ اپنی جدوجہد، کوشش اپنی محنت جاری رکھے لیکن نتائج اللہ پر چھوڑ دے۔
ایک کسان اپنی محنت سے فصل کو بوئے اس فصل کی حفاظت کرے، اسے پانی ڈالے اس کے بعد اس میں پھل کتنا آتا ہے ،یہ بھروسہ اللہ کی ذات پر ہو۔ اگر طالب علم ہے تو اپنی پڑھائی پر پوری توجہ دے اور نتائج اللہ کے سپرد کر دے۔ کاروبار میں بھی ایسا ہی ہے کہ ایک بندہ اپنی کوشش اپنی محنت اس کاروبار کے لیے پوری طرح کرے کاروبار کے تمام تقاضوں کو پورا کرے پھر اس میں نفع اور نقصان پر غم نہ کرے اور نہ ہی اپنے اپ کو بہت کچھ سمجھے کہ میری وجہ سے اتنا نفع ہو رہا ہے بلکہ اس کے نفع نقصان کا تمام کا تمام دارومدار اللہ کی ذات اللہ پر یقین کے ساتھ مشروط کر دے۔
انسان تاریکیوں کی راہ میں کتنا بھی ڈوبا ہو لیکن اللہ پر یقین کی روشنی اس کو کبھی شکست دینے نہیں دیتی۔ وہ محرومیوں کے باوجود صبر اور یقین کی دولت سے مالا مال ہوتا۔ وہ زندگی کو جینا سیکھ لیتا ہے۔ زندگی کے اتار چڑھاؤ میں خوش اور مطمئن رہنا سیکھ لیتا ہے۔ اللہ پر بھروسہ انسان کی ایک ایسی طاقت ہے کہ وہ دنیا کے تمام انسانوں سے اسے آزاد کر لیتا ہے یہاں تک کہ وہ اپنے نفس کی قید سے بھی آزاد ہو جاتا ہے۔
وہ مطمئن اور پرسکون زندگی گزارنا سیکھ لیتا ہے۔ اگر کوئی مشکل ائے تو اس میں صبر کرتا ہے اور اگر کوئی راحت آئے تو شکر کرتا ہے، یہی اس کو ایک مطمئن زندگی گزارنا سکھاتا ہے۔ اللہ پاک ہم سب کو اللہ پر کامل یقین اور مکمل اطمینان اور بھروسہ کرنے والا بنائے ہم اپنے تمام معاملات اللہ کے سپرد کر کے مطمئن ہو جائیں، آمین یا رب




































