
ام حسن
شام کے سات بجے تک گھر میں اندھیرا تھا۔ لائٹ گئی ہوئی تھی۔ چھوٹی مریم روتے ہوئے ماں سے کہنے لگی۔ امی بھوک لگ رہی ہے۔ کھانا دے دیں۔ امی نے
آہ بھری۔ بیٹی گیس بھی نہیں آ رہی۔ بجلی بھی نہیں ہے ۔میں چولہا کیسے جلاؤں؟ احمد بھی کہنے لگا امی کل بھی ہم نے ٹھنڈا کھانا کھایا تھا۔
امی نے چپ چاپ بچوں کو کل کا کھانا دیا اور بچوں نے پھر ٹھنڈا کھانا کھایا اور سو گئے۔
ابا جان جب گھر آئے تو تھکے ہوئے تھے۔ مہینے کی تنخواہ ختم ہو چکی تھی مگر خرچے وہ ختم ہی نہیں ہو رہے تھے۔
اماں نے کہا برابر والوں نے سولر لگا لیا ہے اور ان کے ہاں سلنڈر بھی آتا ہے۔ ہم بھی اپنے لیے لگا لیتے ہیں۔
ابا جو پہلے ہی خرچ کی وجہ سے پریشان تھے، کہنے لگے نہیں پہلے ہی ٹینکر مافیا سے تنگ ہوں اور خرچے نہیں بڑھا سکتا۔
امی کہنے لگیں بات تو آپ کی صحیح ہے۔ حکومت کیا کر رہی ہے؟ ہمیں بجلی نہیں دے گی تو ہم سولر لگا لیں گے۔ ہمیں گیس نہیں دے گی تو ہم سلنڈر لے آئیں گے۔ ہمیں پانی نہیں دے گی تو ہم ٹینکر ڈلوا دیں گے۔ یعنی ہم ٹیکس بھی دے رہے ہیں ،بل بھی دے رہے ہیں اور پھر اپنے بندوبست بھی خود کریں ہمارے خرچے ڈبل ٹرپل ہو گئے ہیں۔ آمدنی کا کوئی ذریعہ نہیں۔
ابا کچھ دیر کے لیے خاموش ہوئے پھر آہستہ سے بولے سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے ہم خاموشی سے اپنا متبادل ڈھونڈ لیتے ہیں۔ ان مافیاز کے ہاتھ مضبوط کرتے ہیں۔
امی سراپا احتجاج ہو کر کہنے لگیں کہ ہم کیوں نہیں نکلتے؟ ہم کیوں نہیں کہتے؟ ہم سوال کیوں نہیں کرتے ہیں؟ عوام پر یہ ظلم کب تک ہوتا رہے گا؟ہم نے یہ مان لیا ہے کہ یہی ہمارے قسمت ہے۔ لائٹ نہیں آئے گی تو موم بتی جلا لیں گے۔ گیس نہیں آئے گی تو لکڑیاں جلا لیں گے۔ پانی نہیں آئے گا تو ٹینکر منگوا لیں گےمگر ہم نے سوال کرنا چھوڑ دیا ہے۔
اس رات بچے ٹھنڈا کھانا کھا کے سو گئے تھے لیکن ابا ساری رات جاگتے رہے۔انہیں سمجھ آ گیا تھا کہ مسئلہ لائٹ، گیس، پانی کا نہیں مسئلہ یہ ہے کہ ہم اپنا حق مانگنا چھوڑ دیا ہے، جب تک ہم اکیلے اکیلے اپنا اپنا سولر اپنا اپنا سلنڈر اپنا اپنا ٹینکر لیتے رہیں گے ی،ہ نظام ایسے ہی چلتا رہے گا۔
اگلی صبح ابا نے محلے کے چار لوگوں کو جمع کیا اور ان سے کہا کہ بھائیوں ہمیں منصوبہ بندی کرنی چاہیے ہم سب مل کر پوچھیں گے کہ ہمارا پیسہ کہاں جا رہا ہے؟ ہمیں سہولتیں کیوں نہیں ملتی؟ اور وہیں سے ایک چھوٹی سی شروعات ہوئی۔
نوٹ : ایڈیٹر کا بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضرور ی نہیں ( ادارہ رنگ نو )




































