
تہران ( ویب ڈیسک،فوٹو فائل ) ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ تہران نے ایک امریکی
خاتون قیدی کو رہا کر دیا ہے۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی آئی آر آئی بی کے مطابق ایران کی عدلیہ نے واضح کیا ہے کہ نہ تو کسی امریکی قیدی کو رہا کیا گیا ہے اور نہ ہی امریکا کے ساتھ کسی قسم کا قیدیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔عدلیہ کے ایک ذمہ دار ذریعے کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ "صدر ٹرمپ کے دعوے کے برعکس ایرانی جیلوں سے کسی امریکی شہری کی رہائی عمل میں نہیں آئی اور نہ ہی کسی قیدی کے تبادلے کا کوئی معاملہ پیش آیا ہے۔"
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے بائیڈن انتظامیہ کے دور میں 2024 میں گرفتار ہونے والی ایک امریکی خاتون قیدی کو رہا کر دیا ہے،ٹرمپ نے اپنے بیان میں ایران کے اس مبینہ اقدام کو خیرسگالی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا اس پیش رفت کو سراہتا ہے۔
دوسری جانب ایرانی عدلیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کی تحقیقات میں ایسا کوئی امریکی قیدی یا مبینہ جاسوس سامنے نہیں آیا جس کی رہائی یا تبادلے کی تفصیلات ٹرمپ کے دعوے سے مطابقت رکھتی ہوں۔
ایرانی حکام نے ایک بار پھر زور دیا ہے کہ امریکی صدر کا بیان حقائق کے منافی ہے اور ایران کی جانب سے کسی امریکی شہری کی رہائی یا قیدیوں کے تبادلے کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔




































