
افروزعنایت
آج ہر ماں یہ شکایت کرتی نظر آتی ہے کہ ہمارا بچہ موبائل میں لگا رہتا ہے ــ۔۔۔جی ہاں یہ غلط نہیں کرونا کے دنوں میں ان لائن پڑھائی کا سلسلہ شروع ہوا تو
کچھ ماں باپ نے مجبوراً اپنے بچوں کو الگ موبائل فون خرید کر دئیے تاکہ وہ اپنی پڑھائی کو اچھی طرح جاری رکھ سکیں ۔ اس طرح تقریباً ہر طالب علم کی دسترس میں موبائل آگیا ــ بلکہ اب تو میرے ارد گرد ماؤں کے ہاتھ میں بھی موبائل ہی نظر آتا ہے ۔ ــ آج سے چند دہائی قبل موبائل فون نہیں تھا تو بچوں کو ماں باپ اور گھر کے بزرگوں کی صحبت حاصل تھی جو بچوں کی تربیت کا بہترین ذریعہ تھی ۔ ــ ہم نے اماں بابا کی صحبت میں زندگی کے بہت سے سبق سیکھے جو ہمیں آئندہ زندگی میں بھی کام آرہے ہیں ــ۔ دو تین دہائی پہلی ہمارے بچوں کی رسائی صرف ٹی وی تک تھی ، اس وقت ٹی وی کی نشریات بچوں اور بزرگوں کے ساتھ اکٹھے بیٹھ کر دیکھنے کے قابل تھی۔ ــ اس کے علاوہ والدین کی پوری کوشش ہوتی تھی کہ بچوں کے ساتھ بیٹھ کر کچھ وقت گزاریں ۔انہیں دلچسپ اور معلوماتی کہانیاں ،واقعات سنائیں ، موبائل فون نہ ہونے کی وجہ سے بچے پوری دلچسپی سے والدین کی گفتگو سنتے تھے
والدین کی آغوش میں گزارے یہ قیمتی لمحات زندگی بھر ذہن میں نقش رہتے ہیں۔
اب ایسے مناظر بہت کم دکھائی دیتے ہیں ۔ ــ یوں لگتا ہے کہ والدین کے پاس وقت نہیں ہے ـ اور نہ ہی اولاد ان کے ساتھ بیٹھ کر کچھ لمحے گزارنا چاہتی ہے ۔میں اپنے بچوں کو کہتی ہوں کہ اپنے بچوں کو اپنا وقت دو تاکہ کل وہ تمہیں وقت دیں۔ ــ یقیناً آپ کی توجہ اور آپ کی دلچسپ گفتگو انہیں موبائل سے کسی حد تک دور کر سکتی ہے ـ میرا چھ سالہ پوتا رات کو سونے سے پہلے ایک آدھ گھنٹہ میرے ساتھ بستر پر آکر لیٹتا ہے کہ آپ مجھے کہانی سنائیں خصوصاً پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کوئی واقعہ۔۔دلچسپی سے واقعہ سنتا ہے اور اس سے متعلق سوال و جواب بھی کرتا ہے۔ اگلے دن میں اس واقعے کے مطابق سوال کرتی ہوں اور پوچھتی ہوں۔
ـــ
الحمدللہ وہ بڑی چاہت سے یہ وقت میرے ساتھ گزارتا ہے یقیناً یہ میرا فرض بھی ہے نسلوں کو سدھارنے کے لئے والدین اور بزرگوں کی صحبت ضروری ہے جس سے انکار نہیں کیا جاسکتا ۔



































