v
واشنگٹن ( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے سپریم
لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے صاحبزادے مجتبیٰ خامنہ ای کے زندہ ہونے کا امکان صرف 10 فیصد رہ گیا ہے، جبکہ 90 فیصد امکان ہے کہ وہ ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی فوجی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور اس کی دفاعی طاقت تقریباً ختم ہو چکی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا، "ایران کی بحریہ، فضائیہ اور فضائی دفاعی نظام (اینٹی ایئر کرافٹ سسٹمز) مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔"صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کی اعلیٰ قیادت بھی شدید نقصان سے دوچار ہوئی ہے۔ ان کے بقول، "ایران کے تمام اہم رہنما مارے جا چکے ہیں، ان کے بہترین لیڈر اب موجود نہیں رہے اور 90 فیصد امکان ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای بھی زندہ نہیں ہیں۔"
دوسری جانب ایرانی حکام کی جانب سے اس دعوے کی تصدیق نہیں کی گئی۔ ایران کا مؤقف ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای فضائی حملے میں زخمی ہونے کے بعد زیرِ علاج ہیں۔
؎یاد رہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای رواں ماہ ایران اور عراق میں اپنے والد آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شریک نہیں ہوئے تھے، جس کے بعد ان کی صحت اور موجودگی سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں سامنے آ رہی ہیں،تاہم مجتبیٰ خامنہ ای کی موجودہ صورتحال کے بارے میں ایران کی جانب سے کوئی باضابطہ اور حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا۔




































