
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو بروقت اور مؤثر کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق اس کامیاب آپریشن میں فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے میں سیکیورٹی اہلکاروں نے مشکوک نقل و حرکت کی بروقت نشاندہی کی، جس کے بعد فوری ردعمل دیتے ہوئے دہشت گردوں کے گروہ کو نشانہ بنایا گیا۔ پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، جو ان کے مذموم عزائم کو ظاہر کرتا ہے۔سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ طور پر چھپے ہوئے دہشت گرد کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
پاکستان کی جانب سے افغان عبوری حکومت پر مسلسل زور دیا جا رہا ہے کہ وہ اپنی سرحدی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے سے روکے، کیونکہ یہ عمل خطے کے امن اور دوطرفہ تعلقات کے لیے سنگین خطرہ ہے۔سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک کی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظمشہباز شریف نے اس کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور حکومت ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔














