پی ایس ایل 11: ملتان سلطانز کی شاندار جیت، صاحبزادہ فرحان کی سنچری نے میچ لوٹ لیا

لاہور ( اسپورٹس ڈیسک )لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے سنسنی

خیز مقابلے میں ملتان سلطانز نے حیدر آباد کنگز مین کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

226 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہدف 19ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ فتح کے ہیرو صاحبزادہ فرحان رہے، جنہوں نے ناقابلِ شکست 106 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ٹیم کو یادگار کامیابی دلائی۔ ان کے ساتھ عرفات منہاس 26 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

دیگر بیٹرز میں اسٹیو اسمتھ نے 46، شان مسعود نے 29، جوش فلیپی نے 9 اور کپتان ایشٹن ٹرنر نے 4 رنز بنائے۔حیدر آباد کنگز مین کی جانب سے صائم ایوب نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مہیش ٹھیکشانا اور حسن خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا،اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حیدر آباد کنگز مین نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔

ٹیم کی جانب سے معاذ صداقت 62 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ شرجیل خان نے 51 رنز کی جارحانہ ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ دیگر بیٹرز میں صائم ایوب 27، عثمان خان 25، سید سعد علی 23 اور کپتان مارنس لبوشین 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ عرفان خان 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ملتان سلطانز کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایشٹن ٹرنر، پیٹر سڈل اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔