
لاہور( اسپورٹس ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 11 کے فیصلہ کن پلے آف مرحلے کے لیے میچ آفیشلز کے پینل کا
اعلان کر دیا ہے، جس میں عالمی شہرت یافتہ ریفریز اور امپائرز کو اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں تاکہ ٹورنامنٹ شفاف اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل ہو سکے۔
نجی ٹی وی کے مطابق آئی سی سی ایلیٹ پینل کے میچ ریفری سر رچی رچرڈسن 28 اپریل کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلے جانے والے کوالیفائر کی نگرانی کریں گے۔ یہ رواں سیزن میں ان کا دسواں میچ ہوگا، جہاں ان کا وسیع تجربہ اہم کردار ادا کرے گا۔
کوالیفائر میچ میں نیوزی لینڈ کے کرس گیفنی اور انگلینڈ کے ایلکس وارف آن فیلڈ امپائرز کے فرائض انجام دیں گے، جبکہ فیصل خان آفریدی تھرڈ امپائر اور ذوالفقار جان فورتھ امپائر ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کے دونوں ایلیمنیٹرز کے لیے سری لنکا کے تجربہ کار روشان مہانامہ کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے، جو پی ایس ایل کے ہر ایڈیشن میں اپنی خدمات انجام دینے کا اعزاز رکھتے ہیں اور اب تک 127 میچز میں ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔
29 اپریل کو ہونے والے پہلے ایلیمنیٹر میں بنگلہ دیش کے شاہد سیکت اور آصف یعقوب آن فیلڈ امپائرز ہوں گے، جبکہ راشد ریاض تھرڈ امپائر اور ناصر حسین فورتھ امپائر کے طور پر فرائض انجام دیں گے،دوسرے ایلیمنیٹر میں آئی سی سی ایلیٹ پینل کے احسن رضا اور شاہد سیکت آن فیلڈ امپائرز ہوں گے، جبکہ آصف یعقوب تھرڈ امپائر اور راشد ریاض فورتھ امپائر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
پی ایس ایل کے اس اہم مرحلے کے لیے آئی سی سی اور پی سی بی کے بہترین آفیشلز کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ان تقرریوں کا مقصد میچز کے دوران فیصلوں میں شفافیت کو یقینی بنانا اور عالمی معیار کی امپائرنگ فراہم کرنا ہے تاکہ شائقین کرکٹ کو اعلیٰ معیار کا کھیل دیکھنے کو مل سکے۔














