
لاہور( رنگ نو اسپورٹس ڈیسک )لاہور میں قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ سیزن الیون کے فائنل میں پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگز
کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
پشاور زلمی نے 130 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر صرف 15 اوورز میں حاصل کر لیا۔ زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی نے 56 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر نمایاں کارکردگی دکھائی، جبکہ عبدالصمد نے 48 رنز کی شاندار اننگز کے ساتھ فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ فرحان یوسف 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
دیگر بیٹرز میں کوشال مینڈس 9، محمد حارث 6، مائیکل بریسویل 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر حیدرآباد کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، حیدرآباد کی اننگز کا آغاز معاذ صداقت اور کپتان مارنس لابوشین نے کیا، تاہم معاذ صداقت 11 رنز بنا کر جلد آؤٹ ہوگئے۔
صائم ایوب نے 54 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ مارنس لابوشین 20 رنز بنا سکے۔ دیگر بیٹرز میں عثمان خان 8، عرفان خان 1، کشل پریرا 1 اور گلین میکس ویل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
آخری اوورز میں حسان خان نے 12 جبکہ حنین شاہ نے 9 رنز بنائے، یوں ٹیم مقررہ اوورز میں 129 رنز تک محدود رہی،پشاور زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ناہید رانا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سفیان مقیم اور محمد باسط نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔




































