
اسلام آباد (ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر پر دو سال کی پابندی عائد کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی نافذ کر دیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق حمزہ نذر پر یہ پابندی تمام ڈومیسٹک اور بین الاقوامی کرکٹ سرگرمیوں میں شرکت پر لاگو ہوگی۔بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ تادیبی کارروائی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کی گئی۔ تحقیقات ویزا درخواست کے دوران فراہم کی گئی معلومات کے جائزے کے لیے کی گئیں، جن میں مبینہ طور پر مکمل اور درست حقائق پیش نہیں کیے گئے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ حمزہ نذر نے ویزا درخواست میں گمراہ کن معلومات فراہم کیں اور بعض اہم حقائق کو مخفی رکھا۔ معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی، جس نے تمام شواہد کا جائزہ لیا اور کرکٹر کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا مکمل موقع بھی فراہم کیا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ غلط بیانی، حقائق چھپانے اور گمراہ کن معلومات فراہم کرنے جیسے معاملات کو انتہائی سنجیدگی سے لیتا ہے۔ بورڈ کسی بھی فرد کو اپنے ادارے، پاکستان کرکٹ اور شائقینِ کرکٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے گا۔














