
لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم نے بین الاقوامی کرکٹ میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے سابق کپتان عمران خان کا تاریخی ریکارڈ برابر کر دیا۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے اختتام پر بابر اعظم کو میزبان ٹیم کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز کے ساتھ مشترکہ طور پر پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ یہ اعزاز بابر اعظم کے ٹیسٹ کیریئر کا پہلا، جبکہ مجموعی طور پر بین الاقوامی کرکٹ میں ان کا 10واں پلیئر آف دی سیریز ایوارڈ ہے۔
بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف چار اننگز میں مجموعی طور پر 193 رنز اسکور کیے اور 96.50 کی شاندار اوسط کے ساتھ سیریز کے سب سے کامیاب بیٹر رہے۔ انہوں نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 23 رنز اور دوسری اننگز میں ذمہ دارانہ نصف سنچری اسکور کی، جبکہ دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 88 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ سیریز کی آخری اننگز میں انہوں نے 30 گیندوں پر ناقابلِ شکست 24 رنز بنا کر پاکستان کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی،اس اعزاز کے ساتھ بابر اعظم نے پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ 10 پلیئر آف دی سیریز ایوارڈز جیتنے کا ریکارڈ عمران خان اور وسیم اکرم کے برابر کر دیا ہے۔ اس فہرست میں سابق کپتان وقار یونس 9 ایوارڈز کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ بابر اعظم اس سے قبل پانچ مرتبہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور چار مرتبہ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز اپنے نام کر چکے ہیں، جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں یہ ان کا پہلا ایوارڈ ہے۔


































