
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،فوٹو فائل) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت سے
پیٹرولیم لیوی میں مزید کمی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ آئندہ بجٹ تک اس معاملے کو حل کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد وزیر اعظم ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے بتایا کہ ونڈ فال لیوی کے اثرات کے نتیجے میں پیٹرولیم لیوی 80 روپے سے کم ہوکر 63 روپے رہ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے لیوی کے خلاف پُرامن تحریک چلائی اور دونوں جانب کی کمیٹیوں نے باہمی مشاورت سے ایک ڈرافٹ بھی تیار کیا تھا۔
حافظ نعیم الرحمان کے مطابق حکومت نے مذاکرات میں بتایا کہ پیٹرولیم ریلیف پیکیج سے 2 کروڑ افراد فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں اور ٹریکٹر مالکان کو بھی اس سہولت میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ ساڑھے 12 ایکڑ تک زمین رکھنے والے کسانوں کو ٹریکٹرز کے لیے ریلیف دینے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رکشوں، چنگچی، 800 اور 1000 سی سی گاڑیوں سمیت ٹریکٹرز کو بھی ریلیف پیکیج کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت کو پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کے لیے متبادل ذرائع اختیار کرنے چاہئیں۔ مذاکرات میں سرکاری افسران کے لیے 1600 سی سی سے بڑی گاڑیوں کے استعمال پر پابندی کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔ انہوں نے سرکاری اخراجات کم کرنے اور مفت بجلی و پیٹرول کی سہولتیں محدود کرنے پر بھی زور دیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کے ساتھ اتفاق ہوا ہے کہ آئندہ بجٹ تک پیٹرولیم لیوی میں مزید کمی کا طریقہ کار طے کیا جائے گا۔ ان کے مطابق آئی پی پیز معاہدوں پر عمل درآمد سے قومی خزانے کو 4500 ارب روپے کا فائدہ متوقع ہے، جبکہ سالانہ 300 سے 400 ارب روپے کی کپیسٹی پیمنٹس بچانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کے نتیجے میں گزشتہ دو سال کے دوران بجلی کے بلوں میں 25 سے 35 فیصد تک کمی ہوئی ہے۔



































