
لاہور،کراچی(ویب ڈیسک ،فوٹو فائل) پاکستان کے دونوں بڑے شہر لاہور اور کراچی دنیا کے آلودہ ترین
شہروں کی فہرست میں شامل ہوگئے، جہاں لاہور نے پہلی جبکہ کراچی نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔ دونوں شہروں کی فضائی صورتحال مضر صحت قرار دی گئی ہے۔
فضائی معیار کی نگرانی کرنے والے ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں آلودگی کا اشاریہ 354 ریکارڈ کیا گیا، جو انتہائی مضر صحت فضا کی نشاندہی کرتا ہے۔ دوسری جانب کراچی 198 کے فضائی آلودگی اشاریے کے ساتھ دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں میں تیسرے نمبر پر رہا۔
ادارہ برائے ماحولیاتی تحفظ پاکستان کی درجہ بندی کے مطابق فضائی آلودگی کا اشاریہ صفر سے 100 تک ہو تو اسے بہتر اور سبز زمرے میں شمار کیا جاتا ہے، جبکہ 101 سے 200 تک کی سطح قدرے آلودہ مگر قابل برداشت تصور ہوتی ہے۔
اسی طرح 300 سے 500 کے درمیان فضائی آلودگی کا اشاریہ انتہائی آلودہ فضا کی نشاندہی کرتا ہے۔ ایسی صورتحال میں زیادہ دیر تک آلودہ ماحول میں رہنے سے دل اور پھیپھڑوں کے امراض میں مبتلا افراد کو سانس لینے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
درجہ بندی کے مطابق آلودگی کا اشاریہ 500 سے بڑھنے پر فضا شدید آلودہ تصور کی جاتی ہے، جس کے منفی اثرات صحت مند افراد کو بھی متاثر کرسکتے ہیں۔



































