
لاہور(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ سیریز کے لیے 15 رکنی ویمنز
اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، جس کی قیادت آل راؤنڈر فاطمہ ثنا کے سپرد کی گئی ہے۔
قومی ٹیم دورے کے دوران تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچوں میں حصہ لے گی۔ ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے، جس میں پاکستان 9 میچز کھیل کر 5 فتوحات کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں کامیابی سے قومی ٹیم کو پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔
دونوں فارمیٹس کے تمام میچز ویسٹ انڈیز کے شہر روسو کے ونڈسر پارک میں کھیلے جائیں گے۔ شیڈول کے مطابق ٹی ٹوئنٹی مقابلے 8، 10 اور 12 دسمبر جبکہ ون ڈے میچز 15، 17 اور 20 دسمبر کو ہوں گے۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں عائشہ ظفر، گل فیروزہ، مومنہ ریاست، منیبہ علی، نجیہہ علوی، صدف شمس، شوال ذوالفقار اور سدرہ امین شامل ہیں۔ بولنگ کے شعبے میں نشرہ سندھو، طوبیٰ حسن، ام ہانی، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب اور وحیدہ اختر کو منتخب کیا گیا ہے۔
ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری شین ڈیٹز انجام دیں گے۔ فاطمہ ثنا کی دوبارہ قیادت سنبھالنے سے قومی ٹیم کو سیریز میں ایک تجربہ کار آل راؤنڈر کی خدمات حاصل ہوں گی۔
پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے یہ دورہ اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ ون ڈے مقابلوں کے نتائج آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں اس کی پوزیشن پر اثر انداز ہوں گے۔



































