
کراچی(ویب ڈیسک ،فوٹو فائل) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے کارکنوں کے احتجاجی دھرنوں کے
باعث کراچی کے داخلی اور خارجی راستوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی، مختلف سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کی ہدایت پر جے یو آئی کے کارکنوں نے شہر کے مختلف اہم مقامات پر احتجاج شروع کردیا۔ حب ریور روڈ، سہراب گوٹھ اور گھگھر پھاٹک سمیت متعدد مقامات پر دھرنے دیے گئے، جس کے باعث اہم شاہراہیں بند ہوگئیں۔
سڑکوں کی بندش کے نتیجے میں سپر ہائی وے پر کراچی اور حیدرآباد کے درمیان رابطہ منقطع ہوگیا، جبکہ حب ریور روڈ بند ہونے سے سندھ اور بلوچستان کے درمیان زمینی راستہ بھی متاثر ہوا۔
احتجاجی دھرنوں کے باعث شہر میں ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا اور مختلف شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ دفاتر جانے والے ملازمین، مسافروں اور دیگر شہریوں کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
ادھر گھگھر پھاٹک پر بھی جے یو آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور انہوں نے دھرنا دے کر احتجاج شروع کردیا۔
واضح رہے کہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو ملک بھر کی اہم شاہراہوں، ہائی ویز اور موٹرویز بند کرکے تاحکمِ ثانی احتجاج جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد مختلف شہروں میں احتجاجی دھرنوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔



































