
واشنگٹن(ویب ڈیسک ،فوٹو فائل) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو روس اور چین کی جانب سے انٹیلی
جنس معلومات فراہم کرنے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خیال میں دونوں ممالک تہران کی کوئی خاص معاونت نہیں کررہے۔
فلوریڈا میں واقع اپنی رہائش گاہ مارا لاگو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ ایران کے ساتھ جاری تنازع کا معاملہ چینی اور روسی صدور کے ساتھ ہونے والی حالیہ ملاقاتوں میں بھی زیرِ بحث آیا تھا۔
چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی صدر نے اسے غیر معمولی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین ایران کے معاملے میں محدود کردار ادا کررہا ہے، اگرچہ وہ چاہے تو مزید مداخلت کرسکتا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق حقیقی مداخلت سے مراد براہِ راست جنگ میں شامل ہونا اور فائرنگ کرنا ہے، نہ کہ صرف انٹیلی جنس معلومات فراہم کرنا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا بھی مختلف ممالک کے حوالے سے انٹیلی جنس معلومات حاصل کرتا ہے اور اگر دوسرے ممالک امریکی سرگرمیوں پر نظر رکھتے ہیں تو امریکا بھی ایسا ہی کرتا ہے۔
روس کے ایران کو خفیہ معلومات فراہم کرنے سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ ان کے خیال میں ماسکو بھی تہران کی اس حوالے سے زیادہ مدد نہیں کررہا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ روس اور چین دونوں ایران کے ساتھ جاری تنازع کا خاتمہ چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں تعاون کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایسی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ ایران کو امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کے لیے اس کے اتحادیوں کی جانب سے انٹیلی جنس معلومات فراہم کی جارہی ہیں، تاہم ٹرمپ نے ان خبروں کو زیادہ اہمیت نہیں دی۔

































