
کراچی(ویب ڈیسک ،فوٹو فائل) سانحہ کراچی ایڈمن کے بعد سندھ حکومت کی جانب سے محکمہ بلڈنگ کنٹرول کے افسران کے خلاف
کی جانے والی کارروائیوں پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ ایسے افسران کو بھی معطل یا عہدوں سے ہٹایا گیا ہے جو پہلے ہی معطل تھے یا کئی ماہ سے کسی عہدے پر تعینات نہیں تھے۔
تفصیلات کے مطابق شہزاد آرائیں کئی سال سے کسی عہدے پر تعینات نہیں، تاہم سانحہ کراچی ایڈمن کے معاملے میں انہیں ایک بار پھر معطل کردیا گیا۔ اسی طرح ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیمالیشن راشد ناریجو کو بھی متعلقہ علاقے میں تعیناتی نہ ہونے کے باوجود عہدے سے ہٹانے کی کارروائی کی گئی، جبکہ انہیں چند ماہ قبل ہی ڈیمالیشن کے شعبے میں ذمہ داریاں دی گئی تھیں۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف شیخ بھی گزشتہ تقریباً سات ماہ سے اپنے عہدے پر موجود نہیں تھے، اس کے باوجود انہیں معطل کردیا گیا۔ ڈائریکٹر اشفاق کھوکھر سانحہ لیاری کے بعد سے کسی پوسٹنگ پر تعینات نہیں تھے، تاہم حالیہ واقعے کے بعد انہیں بھی معطلی کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب سینئر بلڈنگ انسپکٹر امتیاز شیخ کی تعیناتی لاڑکانہ میں ہے اور انہیں دورانِ تعیناتی ہیڈکوارٹر آنے کی اجازت بھی نہیں، لیکن انہیں بھی کراچی ایڈمن سانحے کے سلسلے میں معطل کردیا گیا۔ آفتاب زرداری صدر ٹاؤن ضلع جنوبی میں تعینات ہیں، جبکہ شہریار مقصود کی کراچی ایڈمن میں کوئی پوسٹنگ نہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ریحان احمد بھی کئی ماہ سے کسی عہدے پر تعینات نہیں ہیں۔
ان معطلیوں کے بعد محکمہ بلڈنگ کنٹرول کی کارروائیوں اور اصل ذمہ داران کے تعین سے متعلق مختلف سوالات سامنے آرہے ہیں۔ ناقدین کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کیا جا رہا ہے کہ پہلے سے غیر فعال اور غیر متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کرکے ان افسران کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے جن پر علاقے میں غیرقانونی تعمیرات کی اجازت دینے یا انہیں روکنے میں ناکامی اور غفلت کے الزامات ہوسکتے ہیں۔
واقعے کے بعد شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ صرف افسران کی معطلی کو کارروائی نہ سمجھا جائے بلکہ اس بات کی بھی تحقیقات کی جائیں کہ متعلقہ علاقے میں غیرقانونی تعمیرات کس کی نگرانی میں ہوئیں، بروقت روک تھام کیوں نہیں کی گئی اور عمارتوں کی تعمیر و نگرانی کے ذمہ دار افسران کون تھے۔
شفاف تحقیقات اور اصل ذمہ داروں کے تعین کے بغیر احتساب کا عمل مکمل نہیں ہوسکتا، اس لیے ضروری ہے کہ کارروائی کا دائرہ ان افسران تک بھی پہنچے جن کی ذمہ داریوں اور ممکنہ غفلت کا تعین تحقیقات کے ذریعے کیا جاسکتا ہے۔














