
پیٹرولیم ریلیف پیکیج میں چھوٹی گاڑیاں اور کسان شامل، سرکاری گاڑیوں سے متعلق بھی اہم فیصلہ
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،فوٹو فائل) وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے درمیان ملاقات میں پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف اور معاشی تجاویز کے حوالے سے اتفاق ہوگیا ہے، جبکہ حکومت نے جماعت اسلامی کی تجاویز پر عمل درآمد کے لیے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے بتایا کہ پیٹرولیم ریلیف پیکیج کا دائرہ بڑھاتے ہوئے ایک ہزار سی سی تک کی گاڑیوں کو بھی اس میں شامل کرلیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ساڑھے 12 ایکڑ تک زرعی زمین رکھنے والے کسانوں کو ٹریکٹرز کے لیے ڈیزل پر ریلیف دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح پر 1600 سی سی سے زیادہ گنجائش والی گاڑیوں کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے جماعت اسلامی کی جانب سے پیش کردہ معاشی تجاویز کا جائزہ لینے اور ان پر عمل درآمد کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ ان تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرنے کے ساتھ ان پر جلد عمل درآمد کی کوشش بھی کی جائے گی۔














