
کراچی(ویب ڈیسک ،فوٹو فائل) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے برنس روڈ کو بطور فوڈ اسٹریٹ بحال کرنے
اور اس کی تزئین و آرائش کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس تاریخی علاقے کو شہریوں کے لیے ایک بہتر تفریحی مقام بنایا جائے گا۔
سٹی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ ہائی کورٹ سیکریٹریٹ روڈ کی تعمیر و مرمت مکمل کرلی گئی ہے، جبکہ اب علاقے کی اندرونی گلیوں کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے حوالے سے تمام متعلقہ ادارے بھی اعتماد میں لیے گئے ہیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ برنس روڈ شہر کا تاریخی ورثہ ہے جسے دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اجلاس میں برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ کی تزئین و آرائش سے متعلق قرارداد بھی منظور کرلی گئی۔
اجلاس کے دوران عباسی شہید اسپتال میں قائد عوام بلاک کو فعال بنانے کی قرارداد بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ اسپتال میں ایک نیا بلاک تعمیر کیا جارہا ہے، جبکہ کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کو وہاں او پی ڈی شروع کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
اپنی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے میئر کراچی کا کہنا تھا کہ وہ ساتھیوں کے ووٹوں کی بدولت گزشتہ تین سال سے اس عہدے پر ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے آڈٹ کے حوالے سے کہا کہ جس منصوبے کا بھی آڈٹ کرنا ہو، اس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ان کے مطابق جب انہوں نے ذمہ داریاں سنبھالیں تو اسٹریٹ لائٹس لگانے کے لیے بھی فنڈز موجود نہیں تھے، تاہم اب مالی وسائل دستیاب ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ تمام بڑے ترقیاتی منصوبوں میں تھرڈ پارٹی کنسلٹنٹ سے تصدیق کو لازمی قرار دیا گیا ہے اور حکومت قانون کی پاسداری جاری رکھے گی۔
نہر خیام منصوبے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ یہ منصوبہ نہ پیپلز پارٹی کا ہے، نہ سندھ حکومت اور نہ ہی شہری حکومت کا۔ ان کے مطابق ماضی میں ایک آرکیٹیکٹ نے اس مقام کو خوبصورت بنانے کا منصوبہ پیش کیا تھا، جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے انہیں متعلقہ شخصیت سے رابطے کی ذمہ داری سونپی تھی۔
میئر کراچی کا مزید کہنا تھا کہ شہید ملت روڈ پر پارک کسی دوسرے ادارے کو دینا قابل قبول ہے تو پارکوں میں جھولے لگانے کو بھی محض اس بنیاد پر تجارتی سرگرمی قرار نہیں دیا جاسکتا۔

































