
لاہور( اسپورٹس ڈیسک )پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی معروف فرنچائز پشاور زلمی نے سیزن 11 کے لیے سابق
ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی کو ٹیم مینجمنٹ میں شامل کر لیا ہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 41 سالہ اظہر علی کو ٹیم کا فیلڈنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے، جو آئندہ سیزن میں کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
اظہر علی پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بیٹر رہ چکے ہیں، انہوں نے اپنے کیریئر میں 97 ٹیسٹ اور 53 ایک روزہ میچز میں ملک کی نمائندگی کی۔ ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے 7 ہزار 142 جبکہ ون ڈے میں 1 ہزار 849 رنز اسکور کیے،فیلڈنگ کے شعبے میں بھی ان کی کارکردگی نمایاں رہی، انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 66 اور ون ڈے میں 8 کیچز اپنے نام کیے۔
واضح رہے کہ پشاور زلمی پاکستان سپر لیگ کی ایک مضبوط ٹیم رہی ہے، جو 2017 میں ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئی، جبکہ 2018، 2019 اور 2021 میں فائنل تک رسائی حاصل کر چکی ہے۔




































