پاکستان کی بنگلہ دیش کے خلاف شاندار فتح، دوسرے ون ڈے میں 128 رنز سے کامیابی

ڈھاکا( اسپورٹس ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم نے تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے دوسرے

میچ میں بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 128 رنز سے شکست دے کر سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی ،میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز سے قبل 48ویں اوور میں 274 رنز بنا کر اننگز مکمل کی۔ بارش کے باعث بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 32 اوورز میں 243 رنز کا ہدف دیا گیا، تاہم بنگلہ دیشی ٹیم ہدف کے تعاقب میں صرف 114 رنز بنا کر 24ویں اوور میں ہی آؤٹ ہو گئی۔

بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان کی فائنل الیون میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، شامل حسین، محمد رضوان، سلمان علی آغا، حسین طلعت، عبدالصمد، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور محمد وسیم شامل تھے۔


پاکستان کی جانب سے نوجوان بیٹر معاذ صداقت نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 46 گیندوں پر 75 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے،سلمان علی آغا نے بھی ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے، جبکہ محمد رضوان نے 44 رنز کی اننگز کھیلی، اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 31 رنز اسکور کیے اور فہیم اشرف نے 14 رنز کا اضافہ کیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے رشاد حسین نے 3 جبکہ مہدی حسن میراز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔بارش کے باعث ہدف میں تبدیلی کے بعد بنگلہ دیش کو 32 اوورز میں 243 رنز درکار تھے، تاہم پوری ٹیم 114 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔بنگلہ دیش کی جانب سے لٹن ڈاس 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ توحید نے 28 اور سیف حسن نے 12 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت اور حارث رؤف نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ اس فتح کے بعد تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہو گئی ہے۔ سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو شکست دی تھی۔