
تہران: مسعود پزشکیان نے امریکی عوام کے نام اپنے خصوصی پیغام میں واضح کیا ہے کہ ایران کو امریکا کے عوام سے کوئی دشمنی نہیں ۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر پزشکیان نے امریکی عوام کے نام ایک خط تحریر کیاجس میں انہوں نے ایران کو عالمی سطح پر خطرے کے طور پر پیش کیے جانے کو تاریخی حقائق کے منافی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں بھی ایران کو خطرہ ظاہر کرنا حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران کے خلاف یہ تاثر دراصل بڑی طاقتوں کے سیاسی اور معاشی مفادات سے جڑا ہوا ہے، جس کا مقصد اسلحہ سازی کو فروغ دینا اور عالمی منڈیوں پر کنٹرول برقرار رکھنا ہے۔
صدر پزشکیان نے اپنے خط میں ایران کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات دراصل عوام کو نشانہ بنانے کے مترادف ہیں، جن کے اثرات صرف ایران تک محدود نہیں رہتے بلکہ خطے سے باہر بھی محسوس کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں سے ایک ہے اور جدید تاریخ میں اس نے کبھی جارحیت یا تسلط کی پالیسی اختیار نہیں کی۔ ان کے مطابق ایران نے کبھی کسی جنگ کا آغاز نہیں کیا، تاہم اس پر مسلط کی گئی جنگوں کا ہمیشہ بھرپور اور جرات مندانہ جواب دیا ہے۔





































