
معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین کی وفات سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں جھوٹی، بےبنیاد اور گمراہ کن ہیں، اس بات کی
تصدیق خود عابدہ پروین کی بیٹی نے کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کی والدہ بالکل خیریت سے ہیں اور صحت مند ہیں۔
عابدہ پروین کی بیٹی نے صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ لیجنڈری گلوکارہ کے انتقال سے متعلق پھیلائی جانے والی خبریں سراسر غلط ہیں اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے ،انہوں نے بتایا کہ لاہور کے علاقے دلگران چوک میں ایک خاتون کا انتقال ہوا تھا جن کا نام بھی عابدہ پروین تھا، جس کے باعث یہ غلط فہمی پیدا ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ کی وفات سے متعلق اطلاعات مکمل طور پر جھوٹی ہیں اور اس طرح کی غیر مصدقہ خبروں کے ذریعے مداحوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ عابدہ پروین کی صحت سے متعلق ان کی ٹیم کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے جس میں تصدیق کی گئی ہے کہ گلوکارہ مکمل طور پر خیریت سے ہیں اور معمول کے مطابق ہیں۔
عابدہ پروین کی بیٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صرف مستند اور قابلِ اعتماد ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں پر ہرگز یقین نہ کریں۔
ان جھوٹی خبروں کے باعث ملک بھر میں اور بیرونِ ملک موجود عابدہ پروین کے مداحوں میں شدید تشویش پائی گئی، جس کے بعد خاندان نے عوام اور میڈیا سے درخواست کی ہے کہ غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کریں اور فنکارہ اور ان کے اہلِ خانہ کی نجی زندگی کا احترام کریں۔



































