
کراچی ( شوبز ڈیسک )سینئر اور لیجنڈری پاکستانی اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے نام سے بنائے گئے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف عوام کو
خبردار کردیا ہے۔ اداکارہ نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے ان عناصر پر شدید برہمی کا اظہار کیا جو ان کا نام اور تصاویر استعمال کرکے لوگوں سے پیسے مانگ رہے ہیں۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو کے کیپشن میں بشریٰ انصاری نے لکھا کہ سوشل میڈیا پر بعض بھکاری ان کی جعلی آئی ڈیز بنا کر سرگرم ہوچکے ہیںلہٰذا عوام ایسے اکاؤنٹس کو فالو کرنے یا ان سے کسی قسم کا رابطہ رکھنے سے گریز کریں،اداکارہ کا کہنا تھا کہ چند جعلی اکاؤنٹس ان کی تصاویر لگا کر یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ جمعرات کے دن غریبوں کی مدد کی جا رہی ہے جبکہ کچھ لوگ ان کے نام سے این جی او بنانے یا بیواؤں اور مستحق افراد کے لیے چندہ اکٹھا کرنے کا دعویٰ بھی کر رہے ہیں۔
بشریٰ انصاری نے واضح کیا کہ انہوں نے آج تک کبھی کسی سے چندہ یا مالی مدد طلب نہیں کی۔ اگر انہیں کسی کی مدد کرنی ہوتی ہے تو وہ ذاتی طور پر کرتی ہیں، کسی سے پیسے جمع نہیں کرتیں، انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں ایسے بےشرم عناصر کی کمی نہیں جو لوگوں کی ہمدردی سے فائدہ اٹھانے کے لیے اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں۔
اداکارہ نے اپنے اصل سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کرتے ہوئے مداحوں کو ہدایت کی کہ صرف مستند اکاؤنٹس کو ہی فالو کریں اور کسی بھی دوسرے اکاؤنٹ کو نظر انداز کریں، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جعلی اکاؤنٹس کے خلاف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو رپورٹ کر دیا گیا ہے۔




































