
کراچی ( شوبز ڈیسک )پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اور معروف اداکارہ اسماء عباس نے لیجنڈری
اداکارہ بشریٰ انصاری اور اداکار فیروز خان سے متعلق گمراہ کن اور سنسنی خیز خبروں پر سوشل میڈیا پیجز کو آڑے ہاتھوں لے لیا ہےلاسماء عباس، جو متعدد کامیاب ڈراموں میں اپنی جاندار اداکاری کے باعث پہچانی جاتی ہیں، حالیہ دنوں میں من جوگی، بےبی باجی کی بہوئیں اور دستک میں اپنے کرداروں پر خوب داد سمیٹ چکی ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جھوٹی خبروں پر شدید ردعمل دیا۔
اسماء عباس نے کہا کہ بعض سوشل میڈیا پیجز نے محض کلک بیٹ اور سنسنی پھیلانے کے لیے بشریٰ انصاری کے ایک بیان کو سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کیا، جس سے غلط فہمیاں پیدا ہوئیں۔انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ بشریٰ انصاری نے ایک انٹرویو میں صرف یہ کہا تھا کہ فیروز خان کے ساتھ کام کے آغاز میں وہ کچھ خاموش اور شرمیلے تھےتاہم وقت کے ساتھ ایک خوبصورت، احترام پر مبنی اور خاندانی تعلق قائم ہو گیا۔ اسماء عباس کے مطابق بشریٰ انصاری کا یہ بیان محبت، عزت اور پیشہ ورانہ تعلق کے دائرے میں تھا، جسے دانستہ طور پر غلط رنگ دیا گیا۔
اسماء عباس نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اس بیان کو اس طرح پیش کیا گیا جیسے فیروز خان نے بشریٰ انصاری سے محبت یا شادی کی خواہش کا اظہار کیا ہو، حالانکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ ان کے مطابق ایسی خبریں سراسر جھوٹ اور بے بنیاد ہیں۔
اداکارہ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آتی کہ لوگ بغیر کسی خوف یا ذمہ داری کے اس طرح کی جھوٹی باتیں کیسے پھیلا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ رویہ نہ صرف افسوسناک بلکہ تکلیف دہ بھی ہے کہ کسی کی بات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جائے،اپنے ویڈیو پیغام میں اسماء عباس نے ان افراد کے لیے ہدایت کی دعا بھی کی اور کہا کہ ڈراموں میں نوجوان فنکار اکثر ہمارے بچوں جیسے ہوتے ہیں، اور ان کے بارے میں اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ باتیں کرنا سراسر ناانصافی ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا صارفین اور پیجز پر زور دیا کہ وہ سنسنی پھیلانے کے بجائے ذمہ داری اور اخلاقیات کا مظاہرہ کریں، کیونکہ الفاظ کے اثرات بہت گہرے ہوتے ہیں۔




































