
افروزعنایت
امریکہ میں جمعہ کے دن عید تھی لہٰذ وہاں رہائش پزیر بہن کو جمعہ کے دن عید کی مبارک دی اور حال و احوال پوچھا تو کہنے لگی الحمدللہ ویسے تو عید
دوستوں کے ساتھ اچھی گزری لیکن عید کا اصل مزا تو اپنوں کے ساتھ گزارنے میں ہے ،ایسے خوشی کے مواقع پر پردیس میں اپنوں کی کمی بہت محسوس ہوتی ہے۔ ـ بیٹی لندن میں ، بہن بھائی کچھ پاکستان میں اور کچھ بیرون ممالک مقیم ہیں، ـ یعنی سارے قیمتی رشتوں سے دور ہم یہاں عید کی وہ خوشی محسوس نہیں کر پاتے جو اپنوں کے درمیان رہ کر محسوس کی جا سکتی ہے ۔
میری بہن مسرت نے غلط نہیں کہا ـ، پردیس میں چاہے ہمارے ارد گرد کتنے ہی پیارے دوست ہوں لیکن یہ حقیقت ہے کہ ایسے خوشی کے ایام میں ان انمول رشتوں کی یاد بہت آتی ہے اور ان کے ساتھ گزارے لمحات چہروں پر مسکراہٹیں بھی بکھیر دیتے ہیں ـــ۔
میرے دونوں چھوٹے بیٹے دیار غیر میں مقیم ہیں لیکن عموماً عیدین کے تہوار ہمارے ساتھ پاکستان میں گزارتے ہیں ۔اس مرتبہ عبداللہ حالات کی وجہ سے قطر سے نہیں آسکا ہے۔ الحمدللہ گھر میں سب موجود ہیں لیکن عبداللہ اور اس کے بیوی اور بیٹے کی کمی ہر دم محسوس ہوتی رہی اگرچہ دن میں چار پانچ مرتبہ بچوں سے موبائل پر وڈیو کال پر بات بھی ہوتی تھی یقیناً وہ بھی عید پر ہم سب کی کمی محسوس کر رہے تھے کیونکہ ان کے چہرے بھی اسی بات کی چغلی کھاتے نظر آرہے تھے کہ وہ بھی ان پر مسرت گھڑیوں میں اپنوں سے دوری کو محسوس کر رہے ہیں، ـ ویسے تو رمضان المبارک کی گھڑیوں میں بھی یہ رشتے ہر لمحے دل میں بستے رہتے ہیں لیکن عید کا دن تو اپنوں کے سنگ گزارنے سے دل کو خوشی کا احساس دلاتا ہے۔
ـ
رب العزت پردیس میں رہنے والے سب کے ماں باپ ،اولاد اور عزیز واقارب کو سلامت اور شاد و آباد رکھے ـ، آمین




































