
افروز عنایت
فی زمانہ ہماری زندگی اور رہن سہن میں بہت سی تبدیلیاں آ گئی ہیں، ان تبدیلیوں میں کئی تشویش ناک بھی ہیں ، ایک چیز جس کی آپ سب بھی تائید کریں
گے کہ ایک چھت تلے رہنے والے بھی ایک دوسرے سے بیگانہ نظر آتے ہیں ،میں سب کی بات نہیں کر رہی ، آج بھی بہت سارے خاندان پرانی روایات کے مطابق عمل کرتے نظر آتے ہیں لیکن کہیں کہیں اس چیز کو محسوس کرکے دکھ بھی ہوتا ہے کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔
ــ
ایک خاتون نے بتایا کہ ان کی ایک عزیزہ کے تین بیٹے ہیں، ساس سسر بہوؤں اور بیٹوں سے نالاں رہتے ہیں اور بیٹے اور بہویں ساس سسر سے ، گھر میں کوئی دعوت وغیرہ بھی ہو تو ساس بہوؤں سے مشورہ مانگنا پسند نہیں کرتی یہاں تک کہ مہمان کے آنے پر بھی ساس بہوؤں سے مشورہ کرنا پسند نہیں کرتی کہ کیا کھانا بنائیں یا کیا قسم کا اہتمام ہونا چاہیے ، صرف اپنی مرضی سے کہہ دیتی ہے کہ تم لوگ یہ ڈشز تیار کرلو ــ اسی طرح گھر کے تمام معاملات میں بھی آپس میں بیٹھ کر گفتگو نہیں کی جاتی ہے ــ۔
جی ہاں زمانہ ترقی کرتا جا رہا ہے جس سے رشتوں میں فاصلے بھی بڑھتے جا رہے ہیں، یہاں تک کہ ایک چھت تلے رہنے والے بھی ایک دوسرے سے دور ہوتے جارہے ہیں ، جس کی وجہ سے مسائل بھی بڑھتے جارہے ہیں ، بہت کم گھرانوں میں گھر کے تمام افراد اکھٹے بیٹھے گفت شنید کرتے دکھائی دیتے ہیں ۔ گفت شنید، ایک دوسرے سے باتیں اور مسائل کو شئیر کرنا اور بیٹھ کر آپس میں مشاورت کرنا شاذو نادر ہی نظرآتاہے حالانکہ یہ سب باتیں ایک خاندان کے افراد کو نہ صرف ایک دوسرے کے قریب کرتی ہیں بلکہ ان سے بہت سے مسائل کا حل بھی نکل آتا ہے ، مثلا گھر کے دوستانہ ماحول میں بچے گھر سے باہر یا اسکول میں پیش آنے والی ہر اچھی یا بری بات ماں باپ یا بڑے بہن بھائیوں سے شئیر کرکے کسی بڑے مسئلے سے بچ سکتے ہیں ، یقینا ً عقلمند اس جملے کی گہرائی تک پہنچ گئے ہوں گے، اسی طرح گھر کی بہوؤں کو بھی اہمیت دی جائے، ان کے مسائل اور اپنے مسائل کے متعلق مشاورت کی جائے تو یقیناً نئی آنے والی ان بہوؤں کو اس نئے گھر میں اجنبیت کا احساس نہیں ہوگا ،وہ جلدی سب کے ساتھ گھل مل جائیں گی۔ ــ
لہذٰا ایک چھت تلے رہنے والے آپس میں دوستانہ ماحول بنائیں، ایک دوسرے کو اہمیت دیں بلکہ ایک دوسرے کے حقوق اور فرائض کی پاسداری کو یقینی بنائیں تو حقیقت میں مکان گھر بن جائے گا ۔ـــ




































