
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ ایران میں رجیم چینج ہو چکا ہے،امریکی صدر نے یہ بات ایئر فورس ون میں صحافیوں
سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کے مطابق ایران کی سابقہ قیادت کے اہم عناصر ختم ہو چکے ہیں اور موجودہ قیادت ان افراد سے مختلف ہے جن سے امریکا ماضی میں معاملات کرتا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اب ایران میں ایسے لوگ سامنے آئے ہیں جو زیادہ پیشہ ور انداز میں معاملات کو آگے بڑھا رہے ہیں۔اس سے قبل بھی ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانوی میڈیا سے گفتگو میں ایران میں رجیم چینج کا دعویٰ کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ سابق ایرانی سپریم لیڈر علی خمینی سمیت اعلیٰ قیادت کی حالیہ ہلاکتوں کے بعد ایران کی صورتحال یکسر تبدیل ہو چکی ہے۔
امریکی صدر نے مزید عندیہ دیا کہ امریکا ایران کے تیل اور اہم اسٹریٹجک مقام خارگ جزیرے سے متعلق بھی اپنی حکمت عملی پر غور کر رہا ہے، جبکہ نئی ایرانی قیادت کے ساتھ معاملات طے کرنے کا عمل جاری ہے۔




































