پانچ سال میں 10ارب درخت لگانےکاہدف ہے،فردوس عاشق

اسلام آباد (ویب ڈیسک )وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر میں پودا لگایا۔
پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت پودا لگانے کی تقریب  منعقد ہوئی ،معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر میں پودا لگایا۔
وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات زاہدہ پروین، چیئرمین پی ٹی وی ارشد خان اور منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی عامر منظور کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ 
معاون خصوصی نے پودا لگانے کے بعد ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لئے خصوصی دعا بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پلانٹ فار پاکستان کے تحت پانچ سال کے دوران ملک بھر میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور 190 سے زائد مقامات پر پودے فراہم کرنے کے مراکز بھی قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا نہ صرف صدقہ جاریہ ہے بلکہ یہ نبی کریمؐ کی سنت بھی ہے۔
انہوں نے کہاکہ سایہ دار درخت نہ صرف شدید گرمی اور دھوپ سے انسانیت کو سایہ فراہم کر کے ریلیف دیتے ہیں بلکہ ہماری آنے والی نسلوں کو ماحولیاتی آلودگی سے بچانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
 انہوں نے تمام پاکستانیوں سے بھرپور اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں، محلوں اور شہروں میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں اور وزیراعظم عمران خان کے ملک کو سرسبز و شاداب بنانے کے خواب کے تکمیل میں اپنا کردار ادا کریں۔