سندھ میں کوروناکی نئی لہر، 13 مریض جاں بحق ہوئے،وزیر اعلیٰ سندھ

کراچی(ویب ڈیسک)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں کوویڈ 19 کی نئی لہر سے گزشتہ 24

گھنٹوں کے دوران 13 مریض اس وبا سے انتقال کرگئے جس کے بعد انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 2512 ہوگئی ہے اور 361 نئے مریض اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعلیٰ ہاﺅس سے اپنے جاری بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے مزید 13 مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جوکہ اموات کی شرح کا 1.8 فیصد ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ 11689 نمونوں کی جانچ کی گئی اور 361 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جوکہ موجودہ شرح تشخیص کا 3 فیصد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 1374768 ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور پورے سندھ میں 137467کیسز کی تشخیص ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 158 مریض صحت یاب ہو کر گھر جا چکے ہیں۔ کورونا وائرس سے اب تک صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد130510 ہوگئی ہے جو کہ 95 فیصد بحالی کی شرح کو ظاہر کرتی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس وقت 4445 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 4161 گھروں میں ، 7 آئسولیشن سینٹرز میں اور 277 مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 192 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ، جن میں 37 کو وینٹیلیٹرز پر منتقل کیا گیا ہے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ 361 نئے کیسز میں سے 249 کا تعلق کراچی سے ہے۔
ان میں 85 ضلع جنوبی ، 66 ضلع شرقی ، 37 ضلع وسطی ، 36 ملیر ، 17 کورنگی اور 8 غربی کے شامل ہیں۔ اسی طرح بدین 19 ، حیدرآباد 12 ، دادو 7 ، گھوٹکی 6 ، جامشورو 5 ، میرپورخاص 3 ، نوشہروفیروز ، قمبر ، لاڑکانہ اور سکھر میں 2۔2 ، مٹیاری ، شہید بینظیر آباد ، شکارپور اور ٹھٹھہ میں سے ایک ایک کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ وائرس مزید پھیل رہا ہے ، لہٰذا سب کو ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا۔