
اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)خصوصی عدالت کی تشکیل کو غیر آئینی قرار دینے کے لاہور ہائیکورٹ کے 13
جنوری کا فیصلے سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا، درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دیا جائے۔
سابق صدر ہائیکورٹ بار روالپنڈی توفیق آصف نے حامد خان ایڈووکیٹ کی طرف سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کو خصوصی عدالت کی تشکیل کی درخواست پر سماعت کا اختیار نہیں تھا، ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں 18 ویں آئینی ترمیم کی آرٹیکل 6 میں ترمیم کی درست تشریح نہیں کی، ہائیکورٹ کا حکم آرٹیکل 6 جس کو آئین میں خاص اہمیت حاصل ہے کو غیر موثر کردیا ہے۔
درخواست کے مطابق پرویز مشرف 2016سے مفرور ہیں۔ اس وجہ سے انکی عدم موجودگی میں ٹرائل چلانے کا حکم دیا گیا، پرویز مشرف کو عدالت میں پیش ہونے کے کئی مواقع دیئے گئے، ہائیکورٹ عدم موجودگی میں ٹرائل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر سوال نہیں اٹھا سکتی۔
درخواست میں کہا گیا کہ مصطفی ایمپیکس کیس کو اس مقدمے میں اپلائی نہیں کیا جاسکتا، ہائیکورٹ کے فیصلے سے لگتا ہے سپیشل کورٹ کی تشکیل پر چیف جسٹس کے مشورے کی توہین کی گئی ہے، لاہور ہائیکورٹ کے ججز نے فیصلہ دے کر خود اپنی تقرری جو 31جولائی 2009 کے فیصلے کی نفی کی ہے جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی موجودگی میں ہائیکورٹ دائرہ سماعت کا اختیار استعمال نہیں کرسکتی تھی۔سابق صدر ہائیکورٹ بار روالپنڈی توفیق آصف نے حامد خان ایڈوکیٹ کے ذریعے درخواست دائر کی ہے۔














