تاجر تنظیمیں کاروبار کیلئے حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کی پابند ہیں‘ پنجاب حکومت

لاہور(ویب ڈیسک ) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ تاجر تنظیمیں کاروبار کھولنے کیلئے حکومت سے ایس او پیز سے

متعلق معاہدے پر عملدرآمد کی پابند ہیں۔
اپنے دفتر میں پارٹی کی خواتین رہنماؤں سے بات چیت اور میڈیا کیلئے جاری ویڈیو بیان میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکومت لاک ڈاؤن کے حوالے سے اپنے فیصلے میں توازن رکھنا چاہتی ہے اور اس میں اسی صورت کامیابی ممکن ہے جب تاجر اور خریدار اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ تاجروں کے معاشی حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں نرمی اور کاروبار کھولنے کی اجازت دی گئی لیکن بازاروں اور مارکیٹوں میں کورونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات کو نظر انداز کیا جارہا ہے،شریف خاندان کے ترجمانوں کے پاس بھی ان کے دفاع کیلئے کچھ نہیں اور وہ انہیں صرف جھوٹے بیانات کے ذریعے سیاسی شہید قرار دلوانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا صحت کا نظام کتنا بوجھ اٹھا سکتا ہے عوام اس سے اچھی طرح آگاہ ہیں اس لئے اپیل ہے کہ حکومت سے تعاون کیا جائے تاکہ طبی عملے پر بھی بوجھ کم ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ معیشت کا پہیہ بھی رواں دواں رہے لیکن اس کیلئے سب کو اپنی اپنی ذمہ داری نبھانا ہو گی۔