الخدمت مدارس تفہیم القرآن فریضہ دین کی ادائیگی کیلئے سرگرم عمل ہیں،حافظ نعیم الرحمن

    کراچی ( نمائندہ رنگ نو)امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اساتذہ مقدس پیشے سے

منسلک ہیں۔تعلیم کے ساتھ ساتھ غلبہ دین کیلئے بھی جدوجہد کی جائے ۔اپنے رویئے اور کردار کو درست کرنے میں بھلائی ہے جبکہ اسے ٹھیک نہ کرنے میں اللہ کی پکڑ ہے ۔اچھی باتوں کے ذریعے بچوں کے اخلاق وکردار کو سنواراجائے ۔جماعت اسلامی اقامت دین کیلئے کام کر رہی ہے ۔

یہ بات انہوں نے بدھ کی دوپہر ادارہ نور حق میں” الخدمت مدارس تفہیم القرآن “کے تحت منعقدہ تربیتی نشست سے خطاب کر تے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر الخدمت ”شعبہ تعلیم “کے ڈائریکٹر شیخ کامل ملتانی،منیجرالخدمت مدارس تفہیم القرآن قاسم رشید ،امیر جماعت اسلامی ضلع کیماڑی مولانا فضل احد نے ” تذکیر باالحدیث “رسول خدا کا طریقہ تربیت اوراسد اعجاز نے ” چند تصاویرسیرت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم  کے البم سے “ کے عنوان سے اظہار خیال کیا ۔نظامت کے فرائض قاسم رشید منیجر الخدمت مدارس تفہیم القرآن نے انجام دیئے۔

تر بیتی نشست میں اساتذہ و معلمات کی بڑی تعداد موجود تھی ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آپ لوگ خوش قسمت ہیں کہ آپ تعلیم کے ساتھ اللہ کی رضا کیلئے فریضہ دین کی ادائیگی کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ بچوں کے اخلا ق وکردار کو سنوارنے کا بڑا اجر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مدارس میں علمائے کرام ،آئمہ اور فقہائے عظام اہمیت رکھتے ہیں ،کیونکہ یہاں فرقہ واریت کے بجائے محبت ،علم دین اورمطالعے کو وسیع کیا جاتا ہے ،یہی وجہ ہے کہ ہم دین کے جامع تصور کے ساتھ کام کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے صفائی کوپسند فرمایا ہے، لہٰذاصفائی کو خصوصی اہمیت دی جانی چاہیے۔آج بچوں کی تربیت ایک بڑا سوال بن گیا ہے ۔انٹر نیٹ،موبائل اور سوشل میڈیا کی موجود گی میں بچوں کو تعلیم دنیامشکل کام ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بچے کیلئے باپ رول ماڈل ہوتا ہے ،مگر بچے کیلئے استاد کی اہمیت اس قدر ہوتی ہے کہ ایک بچہ استاد کی غلط بات کو بھی درست سمجھتا ہے۔درس تدریس اور دین کے کام کو اجتماعیت کے ساتھ کیا جائے ۔بچوں کی تعلیم ،اخلاق وکردار کی تعمیر آپ کیلئے صدقہ جاریہ ثابت ہو گی ۔

انہوں نے اساتذہ اور معلمات سے کہا کہ وہ تدریس کے ساتھ ساتھ اقامت دین کی جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیں ۔شیخ کامل ملتا نی نے کہا کہ نئی نسل کو کامیاب انسان بنانا ہمار امقصد ہے ۔ہمیں تدیس اورتربیت کے حوالے سے بچوں کو دیکھنا ہوگا اور بچوں کی تعلیم وتربیت میں کسی قسم کی کوئی کسر اٹھا نہیں رکھنی ہو گی ۔