جماعت اسلامی کا دھرنا:سراج الحق کی قوم سے اتوار کوکراچی کے ساتھ اظہار یکجہتی کی اپیل

کراچی (نمائندہ رنگ نو )جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نےاعلان کیا ہے کہ جب تک کراچی کوروشنیوں کا شہر نہیں بنائیں

گے ہماری تحریک جاری رہے گی۔ کراچی سے چترال تک پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ اہل کراچی کے حق کے لیے گھروں سے نکلیں اتوار9جنوری کوپورے ملک میں کراچی کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا. پیپلزپارٹی کالے بلدیاتی قانون کے خلاف احتجاج کرنے والوں سے مذاکرات کرے اوراس قانون پر نظر ثانی کرلے اور ایسا قانون بنائیں جس سے ملک کے سب سے بڑے شہر اور معاشی واقتصادی شہ رک کراچی کے تین کروڑسے زائد عوام کو فائدہ ہو، یہ کیسا قانون ہے کہ پشاور میں براہ راست میئر انتخاب کیا جاتا ہے اور سندھ میں ایسا قانون بنایا گیا ہے کہ جس کے میئر کو برارہ راست منتخب نہیں کیا جارہا۔ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی میں بااختیار شہری حکومت اور میئر کا انتخاب براہ راست کروایا جائے،کراچی کی حیثیت ایک ماں کی سی ہے،کراچی اندھیروں میں رہے گا تو پاکستان بھی ترقی نہیں کرے گا،ہم ایک بااختیار شہری حکومت چاہتے ہیں جس کے میئر کے پاس تمام اختیارات ہوں، موجودہ کالے بلدیاتی قانون میں وہ نظام موجود نہیں جو آئین کے آرٹیکل 140-Aکا کہنا ہے،جماعت اسلامی کی جدوجہد کراچی،اسلام آباد،گوادر یہ کسی اور شہر میں ہو یہ ظلم و استحصال کے خلاف ہے کسی پارٹی کے خلاف نہیں،پورے سندھ میں غربت ناچ رہی ہے اور جہالت کے اندھیرے ہیں،پیپلزپارٹی سن لے کہ اب تمہاری سیاست شہیدوں کے نام پر نہیں چلے گی،اب کراچی سمیت پورا سندھ بیدار ہوگیا ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت سندھ اسمبلی کے باہر کالے بلدیاتی قانون کے خلاف مسلسل دھرنے کے آٹھویں روز جمعہ کی شب شرکاء دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دھرنا ایک بڑے جلسہ عام میں تبدیل ہوگیا جس میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔

سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی کراچی کی عظیم الشان جدوجہد اور سخت سردی و بارش کے باوجود مسلسل اور طویل دھرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں،آج کا دھرنا جماعت اسلامی کے لیے نہیں بلکہ کراچی کے محروم و مظلوم عوام کے لیے ہے،تین کروڑ عوام پر مشتمل شہر کے عوام کی نہ سننا سندھ کے عوام کے ساتھ ظلم اور نصف آبادی کو اس کے حق سے محروم کرنا ہے، پیپلزپارٹی ذوالفقار شہر ضرور آباد کریں لیکن اس سے پہلے اندرون سندھ سمیت کراچی شہر کو سنواردو،دنیا میں 17بڑے شہر سمندر کے ساحلوں پر آباد ہیں،کراچی دنیا کا ساتواں بڑا شہر ہے، ساڑھے تین کروڑ ساحل سمندر کے کنارے رہنے والے شہری ہیں،جماعت اسلامی نے ماضی میں بھی شہرکی خدمت کی اور آج بھی اقتدارمیں نہ ہونے کے باوجود خدمت کررہی ہے،سابق جنرل پرویز مشرف بھی جماعت اسلامی کی خدمات پر اعتراف کرتے ہیں،جب ہم صاف پانی،سڑکوں کی تعمیر،کالجز،اور اسپتالوں کا مطالبہ کرتے ہیں تو عوام کے لیے کرتے ہیں،عوام کا تعلق تمام سیاسی پارٹیوں سے ہیں کسی ایک پارٹی سے نہیں، اگر کراچی ترقی کرے گا تو ہر سیاسی پارٹی کا ورکر کامیاب ہوگا،انسان مریخ جارہا ہے اور ہمارے شہر میں گٹر اور پینے کا پانی ایک ہی پائپ لائن سے گزررہا ہے۔

سراج الحق نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے بلدیاتی اداروں اورمیئر کے تمام اختیارات غصب کر کےوزیر اعلیٰ کودیے ہیں، ہم پوچھنا چاہتے ہیں کہ آپ کو مزید کتنے اختیارات چاہیئے، ایک طویل عرصے سے پیپلزپارٹی سندھ پر حکومت کررہی ہے،پیپلزپارٹی بتائے کہ سندھ کے شہر حیدرآباد، سکھر،لاڑکانہ، جام شوروسمیت دیگر شہروں میں ترقی کیوں نہیں ہوئی، پیپلزپارٹی نے کرپشن اور لوٹ مار کے سواکوئی ترقی نہیں کی،پیپلزپارٹی نے کراچی اور سندھ کی ڈسپنریاں کو وڈیروں اور جاگیرداروں کے کرپشن کے اڈے بنائے ہیں،انگریز کے زمانے میں سکھر اور کوٹہری براج بنا تھا،آج تک سندھ حکومت نے ایک بھی پروجیکٹ نہیں بنایا،وی آئی پی،ظالم جاگیردار طبقہ پاکستان کے آئین و قانون کو نہیں مانتے،قومی آمدنی میں عوام نے تو ٹیکس دیا لیکن جاگیرداروں،وڈیروں اور سرمایہ داروں نے ٹیکس نہیں دیا،پاکستان کو مدینہ کی اسلامی ریاست بنانے والوں نے سود کا نظام نافذ کیا ہے،جو وکلاء سودی نظام کے خلاف دلائل دیتے تھے آج وہی وکلاء سود کی حمایت میں دلائل دیتے ہیں، سودی نظام کے ساتھ پاکستان کسی صورت ترقی نہیں کرسکتا، اللہ تعالیٰ نے اختیار دیا تو ہم پاکستان سے سودی نظام کا خاتمہ کریں گے، سودی نظام اللہ کے خلاف اعلان جنگ ہے سودی نظام اور ریاست دینہ ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے،عمران خان پہلے تو صرف لاکھ دو لاکھ روپے ٹیکس دیتے تھے اس سال انہوں نے 98لاکھ ٹیکس دیا ہے وہ عوام کو بتاسکتے ہیں کہ یہ اتنی آمدنی کہاں سے ہوگئی یا پھر کوئی ہیرا پھیری کی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کراچی میں مدینہ مسجد کے نام سے قائم اللہ کے گھر گرانے کی بات کی جارہی ہے، نبی کریم ؐ نے ہجرت کے فوراً بعد مدینہ میں مسجد قائم کی،مسجد بنانا اور حفاظت کرنا ریاست کا کام ہے اور ہمارے معاشرے کا اہم مقام ہے،ہم معزز جج سے اپیل کرتے ہیں کہ مسجد گرانے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے اگر کوئی سوموٹو ایکشن لینا ہے تو پنڈورا اور پنامہ لیکس میں نام آنے والوں کے خلاف کارروائی کرے جس میں تمام حکمران پارٹیوں کے لوگ شامل ہے۔اسد اللہ بھٹو نے کہاکہ کالے بلدیاتی قانون میں لاڑکانہ، سکھر، بدین اور حیدرآباد کے عوام کے حقوق بھی غصب کیے گئے ہیں،آج سندھ کے عوام سراپا احتجاج ہیں اور سندھ حکومت کے کالے قانون کو مسترد کرتے ہیں،عوامی تحریک آگے بڑھے گی اور سندھ پر مسلط حکمرانوں کو لاڑکانہ میں بھی پناہ نہیں ملے گی،کراچی سمیت سندھ بھر کے عوام اعلان کررہے ہیں کہ حافظ نعیم الرحمن قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں ۔

محمد حسین محنتی نے کہاکہ جماعت اسلامی کی کالے بلدیاتی قانون کے خلاف تحریک کو منقی انجام تک پہنچائیں گے،اس کالے قانون نہ صرف کراچی بلکہ سندھ بھر کے عوام کے حقوق سلب کیے ہیں،ہم نے سندھ بھر میں اس تحریک کو آگے بڑھایا ہے،ہم نے یوم سیاہ منایا ہے اور جمعہ کو ہزاروں کی تعداد میں مظاہرے کیے گئے آئندہ بھی احتجاج کیا جائے،سندھ حکومت کو کالا قانون واپس لینے پر مجبور کیا جائے گا۔سندھ کی مردم شماری درست کروائی جائے گی،کراچی کی مردم شماری میں کراچی کے ساتھ جو نا انصافی کی گئی ہے اس کو بھی ختم کرنا پڑے گا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ سندھ اسمبلی کے باہر دھرنا تحریک کا مرکز اور پورا شہر میں احتجاجی تحریک چلائے جائی گی،جب این ایف سی ایوارڈ میں حق مانگتے ہو تو پی ایف سی ایوارڈ میں شہروں کو حق کیوں نہیں دیتے،نعمت اللہ خان کے ماس ٹرانزٹ پر عمل کیا جاتا تو آج شہر میں ٹرانسپورٹ کے سنگین مسائل نہ ہوتے،پیپلزپارٹی ن اسمبلی میں عددی اکثریت دیہی عوام پر جبر و تسلط کے زریعے حاصل کی ہے۔مراد علی شاہ سمیت تمام وزراء سن لیں کہ اگر ہم ایم کیوا یم والی سیاست کرتے تو ہم 2013والا مک مکا کرلیتے اوردھرنا نہیں دیتے۔کالے بلدیاتی قانون کے خلاف کراچی سمیت سندھ کے تمام گوٹھوں اوردیہاتوں کا بھی دھرنا ہے،دھرنے میں تمام زبان بولنے والے افراد موجود ہیں،مسلک،زبان اور مذہب کی کوئی تقسیم نہیں ہے،کراچی پر قبضہ کا مطلب کراچی کے ہر شہری اور ہرزبان بولنے والے حقوق پر قبضہ ہے،آدھا ٹیکس کراچی اور آدھا ٹیکس پورا پاکستان دیتا ہے،ہمیں خیرات نہیں ہمارے ٹیکسوں میں سے ہمارا حق ہمیں دے دو،ہم حق لینے کی جدوجہد کررہے ہیں اسے کوئی بھی رنگ دینے کی کوشش کی جائے،جدوجہد جاری رکھیں گیانہوں نے کہاکہ جب تک وڈیروں اور جاگیرداروں کا سندھ کے عوام پر قبضہ رہے گا، ہم کالا قانون کہتے رہیں گے، شہری ادارے اور محکمے عوام کو واپس کردو،ہم کالا قانون کہنا بندکردیں گے،پیپلزپارٹی نے لسانیت وعصبیت کو مزید پھیلانے کے لیے کراچی کے تمام محکموں پر قبضہ کرلیا،سند ھ حکومت این جی اوز کے پیچھے نہ چھپے،عوام کے ٹیکسو ں کا پیسہ عوام پر خرچ ہونا چاہیئے،پیپلزپارٹی نے مظلوم سندھیوں اور بلوچوں کا استحصال کرکے اسمبلی پر قبضہ کیا ہے،سندھ میں دیہی اورشہری تقسیم پیپلزپارٹی نے خود کی ہے۔انہوں نے کہاکہ دھرنے کے شرکاء کو سلام پیش کرتا ہوں کہ جو 31دسمبر سے یہاں موجود ہیں، سرد موسم نے شرکاء کے جذبات کو مزید گرمایا اور ثابت قدمی سے ڈٹے رہے، دھرنے کے شرکاء اس بات کا اعلان کررہے ہیں کہ ہم کالے بلدیاتی قانون کو نہیں مانتے،ادارہ نورحق جماعت اسلامی کا دفتر غریبوں، مجبوروں، محروموں کا مرکز بن گیا ہے، قبضہ مافیا سمیت تمام مافیاؤں کے حوالے سے شہریوں نے جماعت اسلامی کے مرکز کا رخ کیا،جماعت اسلامی نے حقوق کراچی تحریک چلائی اور تمام مافیاؤں کے خلاف شہریوں کو متحد کیا،جماعت اسلامی کراچی کی حق دوکراچی تحریک سے شہریوں کو حوصلہ ملا اور ان کے مسائل حل ہونے لگے، تین کروڑ سے زائد آبادی کے لیے صرف 2سرکاری یونیورسٹیاں ہیں۔

مفتی منیب الرحمن نے کہاکہ کراچی کے عوام بارش اور سرد موسم کے باوجود جمع رہے ہیں اس پر دھرنے کے شرکاء کے عزم و حوصلہ کو سلام پیش کرتا ہوں،جماعت اسلامی کا احتجاج پر امن ہے،جماعت اسلامی کو کراچی کے مسائل اٹھانے پر مبارکباد اورتمام مطالبات کی بلامشروط حمایت کرتا ہوں۔وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ، ناصر حسین شاہ، سعید غنی،مرتضی وہاب ان سب سے کہتا ہوں کہ سامنے آئیں، احتجاج کرنے والوں سے بامعنی مذاکرات کریں اور شہر کو بااختیار بنا یا جائے،کراچی کی مساجد اور بلڈنگز کو ریگولرائز کرنے کے لیے باقاعدہ قانون سازی کی جائے، ایسا نہ ہوں کہ رات کو خیال آئے اور صبح اٹھ کر شہریوں کو بے گھر کردیا جائے، نسلہ ٹاور کے مکینوں کو بے گھر کرنے کی مذمت کرتے ہیں، عدالتی ریمارکس کے نام پر ایک پورے طبقے کی تحقیر کی جائے کسی صورت قابل قبول نہیں، ایک آدھ مثال کی بنیاد پر پوری دینی طبقے کی مذمت کرنا مناسب نہیں۔

شرکاء نے مفتی منیب الرحمن کے مطالبات کی بھرپورتائید کی. کراچی دنیا کا واحد میگاسٹی ہے جہاں ساڑھے تین کروڑ شہریوں کے لیے ٹرانسپورٹ کا انتظام نہیں ہے، موٹر سائیکل اور سرکلر ریلوے کو حکمران عوام کی عیاشی سجھ رہے ہیں،امیروں اورغریبوں کا فرق دیکھنا ہے تو حکمران غریبوں کی بستیوں میں جائیں۔کراچی دنیا کا ساتواں بڑا شہر ہے، کراچی کی آبادی دنیا کے کئی ممالک سے زیادہ ہے،کراچی بہت دور تک پھیل چکا ہے،کراچی کی پاکستان کی معیشت کا قلب ہے،پاکستان کے قومی خزانے میں کراچی کا حصہ سب سے زیادہ ہے،سندھ اور اسلام آباد کے حکمرانوں کو پیغام دیتاہوں کہ پر امن لوگوں کے پیغام کو سنو،جب تک خون خرابہ اور فساد نہ ہو تو حق کی بات کو نہیں سنا جاتا، آپ اگر اس ملک میں تشدد اور انتہا پسندی کو ختم کرنا چاہتے ہیں تو پر امن لوگوں کی بات سنی جائے۔