پاکستان بلاول اور مریم کے حوالے نہیں کیا جاسکتا: وزیر اطلاعات، فواد چوہدری

جہلم (ویب ڈیسک،خبر ایجنسی،فوٹو فائل) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں عمران خان کے

آگے ڈھیر ہیں، لوچستان میں تخریبی کارروائیوں کے پیچھے سازش ہے۔تاہم پاکستان کو توڑنے کی کوشش ناکام ہو گی اور ایک ایک خون کے قطرے کا حساب لیں گے۔پاکستان درست سمت میں جا رہا ہے اور ہم نے معیشت کو بہتر کیا جبکہ نواز شریف اینڈ کمپنی نے ملکی معیشت کا برا حال کیا اور اسحاق ڈاراینڈ کمپنی نے بھی ملکی معیشت کا بیڑا غرق کیا، ہماری صنعتیں آج بحال ہیں اور اب ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے، یہ ملک مریم نواز اور بلاول بھٹو کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو جہلم میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نےکہا بلوچستان میں پاک فوج کے جوان شہید ہوئے، ان کی فیملیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ پاک فوج کے بہادر سپاہیوں نے اس ملک کے لئے اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا پاکستان کا ہر فرد پاک فوج کے شہید جوانوں کا احسان مند ہے،ہم ان کی قربانیوں کا مداوا نہیں کر سکتے۔ ہمارے جوانوں نے اپنے سینوں پر گولیاں کھائیں، پوری قوم ان شہیدوں کے والدین اور ان کی فیملیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں کے پیچھے گہری سازش ہے۔ ہمارے شہید جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا پہلے بھی دشمنوں کو ناکوں چنے چبوائے تھے، اب بھی پوری طرح تیار ہیں۔ پاکستان توڑنے کی بات کرنے والوں کے لئے واضح پیغام ہے کہ پاکستان انشاء اللہ تاقیامت قائم رہے گا۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، اپنے شہید جوانوں کے خون کا پورا حساب لیا جائے گا۔