الخدمت نے ” باہمت یتیم بچوں “کے ساتھ شام منائی ، عید کے تحائف تقسیم

  کراچی (نمائندہ رنگ نو ڈاٹ کام)الخدمت کے آرفن کیئرپروگرام کے تحت15رمضان المبارک کو”عالمی یوم یتامیٰ“ کی مناسبت سے

باہمت یتیم بچوں کے ساتھ الخدمت ہیڈ آفس میں شام منائی گئی ۔

اس موقع پر خصوصی تقریب کااہتمام کیا گیا، جس میں الخدمت کے زیر کفالت 80سے زائد بچوں میں عیدالفطر کےتحائف تقسیم کیے گئے ،جبکہ ان بچوں کیلئے افطارڈنر کا بھی اہتمام کیا گیاتھا ۔

باہمت یتیم بچوںاور بچیوںکو دیئے گئے تحائف میںبچوں،بچیوں اوران کی ماؤں کے ملبوسات ،جوتے ،گھڑیاں ،اسکارف ،نماز میں استعمال ہونے والا سامان او عیدی و دیگر اشیا شامل تھیں ۔تقریب کے مہمان خصوصی چیف ایگز یکٹو الخدمت نوید علی بیگ تھے ۔اس موقع پر ایگز یکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے بھی خطاب کیا ،جبکہ تقریب میں ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام فاروق کملا نی اور دیگر ذمہ داران موجود تھے ۔

تقریب سے خطاب میں چیف ایگزیکٹوالخدمت نوید علی بیگ نے کہا کہ یو نیسیف کے مطابق اس وقت پاکستان میں42لاکھ بچے یتیم ہیں جو17سال سے کم عمر ہیں ۔ الخدمت کیلئے یہ خوشی کی بات ہے کہ جہاں وہ زند گی کے دیگر شعبہ جات میں کام کر رہی ہے ،وہیں وہ یتیموں کی کفالت جیسے اہم فریضے کو بھی انجام دےرہی ہے ۔یتیم بچوں کی کفالت نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا حکم ہے اور اس حکم کے بجا آوری پورے مسلم معاشرے کا فرض ہے ۔ ہم اگر ایک یتیم کو تھام لیں ،اس کی کفالت کی ذمہ داری لیں تو معاشر ہ میں کوئی یتیم یتیم نہیں رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت ایک یتیم بچے کی ساڑھے4ہزار روپے ماہانہ اور 54ہزارروپے سالانہ سے کفالت کر رہی ہے ۔ یہی نہیں ان باہمت یتیم بچوں کی وہ مائیں جو ہنر جانتی ہیں اور اپنے گھرمیں رہ کر کچھ کرنا چاہتی ہیں، انہیں چھو ٹے قرضے بھی دیئے جاتے ہیں تاکہ یہ مائیں اپنے بچوں کی کفالت بہتر طور پر کرسکیں ۔انہوں نے کہا کہ پورے معاشرے کو چاہیے کہ وہ سنت نبوی کو ملحوظ رکھتے ہوئے الخدمت کا دست بازو بنے اور اس ہم مقصد میں الخدمت کا ساتھ دے۔

ایگز یکٹو ڈائریکٹرراشد قریشی نے کہا کہ 2013میں اوآئی سی نے دنیا بھرکےمسلم ممالک میں15رمضان المبارک کو یوم یتامیٰ منانے کی منظوری دی ۔پاکستان میں بھی سینیٹ اور قومی اسمبلی میں یوم یتامیٰ منانے کی منظور ی دی گئی ۔یتیم بچوں کی کفالت کا مقصد سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہے ۔احادیث مبارکہ سے بھی ہمیں پتا چلتا ہے کہ یتیموں کی کفالت کا کیا اجرہے، نبی مہربان صلی اللہ علیہ وسلم نے فرما دیا کہ یتیموں کی کفالت کرنے والا قیامت کے دن میرے قریب ترہوگا ۔ الخدمت عیدالفطر کے موقع پر ہرسال اپنے زیر کفالت باہمت یتیم بچوں کیلئے ملبوسات وتحائف اور عید ی کا اہتمام کرتی ہے ،اس سال بھی 1200سے زائد بچوں میں یہ تحائف تقسیم کیے جا رہے ہیں ، جس کا مقصد ان باہمت یتیم بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنا ہے ،تاکہ باپ کے سائے سے محروم بچے مایوسی کا شکار نہ ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت کے زیر کفالت بہت سے بچے عملی زندگیوں میں داخل ہو چکے ہیں اور اعلیٰ مقام پر فائز ہیں ۔یتیم بچے ہمارے بچے ہیں ۔ہمیں ان بچوں کی کفالت کیلئے آگے آنا چاہیے اور انہیں بہتر مستقبل فراہم کر نے کیلئے ان کا سہار ابننا چاہیے ۔