
تصویر کہانی /صباحت شمیم
ملک بھر میں آنے والےسیلاب نے نظام زندگی بری طرح متاثر کیاہے،لوگ جہاں سڑکوں پر کھلےآسمان تلے بیٹھے ہیں تو بعض لوگ اللہ کےبندوں کی وجہ
سے قائم ہونے والی خیمہ بستیوں میں مقیم ہیں ۔قدرت کی طرف سے اپنے گھرچھن جانے کےباوجود ان کی روز مرہ کی بنیادی ضروریات اپنی جگہ موجود ہیں ،جن کی عدم دستیابی کے باعث یہ روزجیتے اور روزمرتےہیں ۔
زیرنظرتصویرنہایت ہی دل خراش حالات کاپتا دیتی ہے،یہ تصویرحیدرآباد کےعلاقےمیرپورخاص روڈ کی جہاں ایک خاتون علاقےمیں جمع سیلابی پانی کے بیچ و بیچ اپنے سر پر پانی کا بھاری کین اٹھائےمنزلِ مقصود کی جانب رواں دواں ہے۔
اس خاتون کےذہن میں کئی سوالات سراٹھارہےہوں گے۔مستقبل کی فکربھی ہوگی۔اپنی اوربچوں کی بھوک مٹانےکیلئےتین وقت کی روٹی کےسوالات بھی ہوں گے۔ اپنے گھر میں دوبارہ آباد کاری سےمتعلق بھی سوچتی ہوگی ۔
پریشانیوں اورمشکلات کی طویل فہرست رکھنےوالی خاتون یہ بھی سوچتی ہوگی کہ کوئی اس کی مددکرے۔ بچوں کو پڑھانا لکھانا تو دور کی بات اس کیلئے دو وقت اپنی چھت اور دو وقت کی روٹی کی فکرلاحق ہوگی ۔
سیلاب کے پانی سے پانی کا کین لےکر جانے والی یہ خاتون اس چیز سےبھی بے نیاز ہےکہ اسےسانپ یا کوئی اورموذی جانور نہ کاٹ لے۔یا اسے سیلابی پانی سے کوئی مرض لاحق نہ ہو جائے۔اس خاتون کی ہمت کو ہمیں داد دینی پڑے گی۔
سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اس جیسی دیگرخواتین کی بھی ہزاروں کہانیاں موجود ہیں ۔ تپتی دھوپ میں روزی روزگار کی خاطر کھیت میں کام کرنے والی یہ خاتون گھر سےتو محروم ہو گئی ،مگرٓاب سرچھپانے اور دو وقت کی روٹی کی جستجو میں مصروف ہے۔
یہ ہمارےحکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے کہ وہ گھر بار سے محروم لوگوں کی اس قدربھی مدد نہیں کرسکتےکہ انہیں دو وقت کا کھانا اور پانی ہی فراہم کریں ۔ کیا یہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہہ کی زندگی کو بھول گئےجو اپنی رعایا کا خیال رکھا کرتے تھے۔اللہ کے عذاب سے ڈریے مصیبت زدرہ لوگوں کی مددکیجئے ۔














