سعودیہ : عمرہ کیلئے آنے والے زائرین پر 15 اپریل تک پابندی عائد کردی

 لاہور (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی ) کرونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر سعودی عرب نے بیرون ممالک

سے آنیوالے عمرہ زائرین پر پابندی عائد کی تھی اب اپنے شہریوں کو مکہ اور مدینہ میں داخلے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ سعودی عرب نے بیرون ملک سے عمرہ کی ادائیگی کے لئے آنے والے زائرین پر 15 اپریل تک پابندی عائد کردی ہے۔ اس ضمن میں سعودی ایئر لائن نے رجسٹرڈ ٹریول ایجنسیوں کو سرکلر بھی جاری کردیا ہے۔ سرکولر میں کہا گیا ہے کہ ٹریول ایجنسیاں 15 اپریل تک عمرہ کے گروپوں کی نئی درخواستیں وصول نہ کریں جبکہ پابندی کا اطلاق عمرہ زائرین، وزٹ ویزہ رکھنے والے مسافروں پر بھی ہوگا۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ 15اپریل تک عمرہ زائرین کی گروپوں کی تمام ٹکٹیں ری فنڈ کی جائیں۔ سعودی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اندرون ملک مقیم سعودی شہریوں اور غیر ملکیوں کے عمرہ پر عارضی پابندی عائد کی گئی ہے۔ مقامی افراد پر پابندی عارضی ہے۔ جس کا تھوڑے تھوڑے عرصہ کے بعد جائزہ لیا جائے گا اور صورتحال بہتر ہونے پر پابندی ختم کردی جائے گی۔