بین الافغان مذاکرات ہماری مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے ،شاہ محموقریشی

دوحا( ویب ڈیسک )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بین الافغان مذاکرات ہماری مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے وزیر خارجہ

شاہ محمود قریشی نے دوحہ میں قطر کے نائب وزیراعظم اوروزیرخارجہ قطرکی دعوت پر بین الافغان مذاکرات سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور بین الافغان مذاکرات ہماری مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔
پاکستان کی جانب سے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق کانفرنس میں شریک ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں پائیدارامن ہم سب کی خواہش ہے جبکہ عالمی برادری کو بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔افغانستان میں امن خطے میں امن سے ہی جڑا ہوا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں امن ہو گا تو پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کو بھی فائدہ ہو گا پاکستان نے افغان امن عمل میں مصالحانہ کردار ادا کیا اور پاکستان پرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام پاکستان کے مفاد میں ہے جبکہ افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ افغان عوام نے ہی کرنا ہے اس سے قبل انٹرا افغانستان مذاکرات کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی مفاہمت کی اعلی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ افغانی آئین پر مبنی حکومت کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں تاہم حکمرانی کے فقدان کی وجہ سے تلخ زندگی کا تجربہ کیا ہے مذاکرات کے آغاز کے دن کو مشکلات کے اختتام کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔