کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی

کراچی(اسپورٹس ڈیسک ) کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو باآسانی 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔

جمعرات کو پاکستان سپرلیگ کے ہائی وولٹیج میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 151 رنز کا ہدف دیا جو اس نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔

کراچی نے 151 رنز کا ہدف 17.1 اوور ز میں حاصل کرلیا، اوپنرز بابر اعظم اور شرجیل خان بالترتیب 69 اور 74 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔قبل ازیں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔لاہور قلندرز نے اپنی اننگز کا آغاز محتاظ انداز میں کیا اور اس کی پہلی وکٹ 49 رنز پر گری جب فخر زمان 17 رنز بناکر عمید آصف کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ان کے بعد کرس لین اور ان فارم بیٹسمین بین ڈنک کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور دونوں بالترتیب 5 اور 9 رنز بنا کر آٹ ہوگئے۔13 ویں اوور میں 90 پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد محمد حفیظ کریز پر آئے اور انہوں نے تیزی سے رنز بنانے کی کوشش کی تاہم اس موقع پر کپتان سہیل اختر ارشد اقبال کی گیند پر آٹ ہوگئے، انہوں نے 49 گیندوں پر 68 رنز بنائے۔

اس موقع پر سمت پٹیل بھی 5 رنز بنا کر واپس لوٹ گئے ، اننگز کے اختتام پر محمد حفیظ نے 35 اور ڈیوڈ ویزے نے صرف 5 رنز بنائے اور ناٹ آٹ رہے۔کراچی کنگز کی جانب سے عمید آصف اور ارشد اقبال نے 2،2 جب کہ کرس جورڈن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ لاہور قلندرز گزشتہ 3 میچوں میں مسلسل کامیابی حاصل کرنے کے بعد بلند حوصلوں کے ساتھ میدان میں اتری تھی تاہم کراچی نے اسے آﺅٹ کلاس کردیا۔لاہور قلندرز اپنے 9 میچوں میں سے 4 میں کامیابی کے ساتھ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے جب کہ کراچی 8 میچ کھیل کر 9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔

رینکنگ میں ملتان سلطانز سرفہرست ہے، انہوں نے 8 میچ کھیل کر 5 میچ جیتے ہیں جبکہ ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، رینکنگ میں دوسرے نمبر پر کراچی کنگز ہے جنہوں نے 8 میچ کھیل کر چار میچ جیتنے ہیں جبکہ تین میں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹیم کے 9 پوائنٹس ہیں۔

پشاور زلمی 9 میچ کھیلنے کے بعد 9 پوائنٹس کیساتھ تیسرے نمبر پر ہے، زلمی نے چار میچ جیتنے جبکہ چار میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، ایک میچ کا ٹائی ہو گیا۔کراچی کنگز سے ہارنے والی لاہور قلندرز نے 9 میچ کھیلے ، چار جیتے جبکہ پانچ میں شکست ٹیم کا مقدر بنی رینکنگ میں سہیل اختر الیون اس وقت چوتھے نمبر پر ہے۔

رینکنگ میں پانچواں نمبر اسلام آباد یونائیٹڈ کا ہے، ٹیم کے 7 پوائنٹس ہیں، 9 میچ کھیلنے کے بعد تین میچ جیتنے جبکہ پانچ میں شکست مقدر بنی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا۔دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فہرست میں سب سے آخر پر ہے، سرفراز الیون نے 9 میچ کھیلے تین میں فتح حاصل کی جبکہ پانچ میچز ہار گئے، ایک میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا تھا۔