
لاہور (اسپورٹس ڈیسک ) پاکستانی کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گی جہاں پر وہ میزبان ٹیم کے
خلاف تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ نیوزی لینڈ کرکٹ نے آئندہ ماہ پاکستان کے خلاف مجوزہ سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی جس کا پہلا میچ 18دسمبر کو ایڈن پارک، آکلینڈ میں کھیلا جائے گا ، دوسرا میچ 20دسمبر کو سیڈن پارک، ہملٹن میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری بین الاقوامی ٹی ٹونٹی میچ 22دسمبر کو مکلین پارک، نیپئر کے مقام پر کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 26سے 30دسمبر تک ماﺅنٹ مانگنوئی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3سے 7جنوری 2021تک ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔














