پاکستان، ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ آج سے شروع ہو گا

جمیکا(اسپورٹس ڈیسک،فوٹو فائل)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج

جمعرات سے سبیناپارک،کنگسٹن، جمیکا میں شروع ہو گا۔ پاکستانی ٹیم ان دنوں دورہ ویسٹ انڈیز پر ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔
اس سے قبل قومی ٹیم چار ٹی 20 میچوں کی سیریز 0-1 سے اپنے نام کر چکی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 12 سے 16 اگست تک کنگسٹن میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔
میزبان ٹیم کریگ براتھویٹ کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔ قومی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لئے گیانا سے براستہ بارباڈوس جمیکا پہنچ چکی ہے اور یہاں قومی سکواڈ کالی آندھی کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل تیاریوں میں مصروف ہے۔ قومی اسکواڈ میں شامل تمام ارکان کی جمیکا پہنچنے پر کووڈ 19 ٹیسٹنگ بھی مکمل ہو چکی ہے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 20 سے 24 اگست تک کھیلا جائے گا، دونوں میچز سبائنا پارک، کنگسٹن، جمیکا میں کھیلے جائیں گے۔