پاکستان بیس بال ٹیم نے ایشین گیمز 2022 کے لئے کوالیفائی کرلیا

لاہور (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان بیس بال ٹیم نے انیسویں ایشین گیمز 2022 کے

لئے کوالیفائی کرلیا ۔ ایشین گیمز چین کے شہر ہینگزو میں 18 سے 22 ستمبر 2022تک شیڈول ہیں ۔
پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ کے مطابق تائیوان میں ہونے والی بیس بال فیڈریشن آف ایشیا کی ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان بیس بال ٹیم اگلے سال چائنا میں کھیلی جانے والی ایشین گیمز میں حصہ لے گی ۔
ایشین گیمز کے بیس بال ایونٹ میں پاکستان سمیت بارہ ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں جاپان (ورلڈ نمبر1)، کوریا (ورلڈ نمبر3)، تائیوان (ورلڈ نمبر4)، چین ، ھانگ کانگ ، تھائی لینڈ، انڈونیشیا ، فلپائن ، سنگا پور ، منگولیا اور لاﺅس کی ٹیمیں شامل ہیں ۔ سید فخرعلی شاہ کے مطابق پاکستان کا ایشین گیمز میں حصہ لینا خوش آئند ہے ۔
سید فخر علی شاہ نے مزید بتایا کہ پاکستان میں بیس بال کے لئے باقاعدہ گراﺅنڈ نہیں ہے اور ہمیں کرکٹ یا فٹ بال گراﺅنڈز میں ٹیم کی ٹریننگ کے لئے کیمپ لگانے پڑتے ہیں ۔ اگر گورنمنٹ ہمیں بیس بال کے لئے مخصوص گراﺅنڈ مہیا کردے تو پاکستان کی ٹیم کی کارکردگی میں مزید اضافہ اور بہتری آسکتی ہے۔