
جکارتہ (اسپورٹس ڈیسک )جنوبی کوریا نے شاندار کارکردگی کی بدولت پانچویں بار مینز ہاکی ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا، فیصلہ کن معرکہ
میں جنوبی کوریا نے ملائیشیا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے زیر کیا، ملائیشیا کو مسلسل دوسری بار ایشیا کپ کے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارت نے ٹورنامنٹ میں تیسری اور پاکستان نے پانچویں پوزیشن حاصل کی، بدھ کو جی بی کے سپورٹس کمپلیکس، جکارتہ میں کھیلے گئے 11ویں ایشیا ہاکی کپ کے فائنل میں جنوبی کوریا نے ملائیشیا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 1-2 سے ہرا دیا، جنوبی کوریا نے 17 ویں منٹ میں جینگ مانجے کے گول کے ذریعے برتری حاصل کی جو زیادہ دیر برقرار نہ رہی، ملائیشیا کے سید چولین نے 9 منٹ بعد گول کر کے میچ برابر کر دیا۔
ہاف ٹائم تک دونوں ٹیموں کے مابین میچ 1-1 گول سے برابر رہا، دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا، جنوبی کوریا کے ہوانگ ٹیل نے دوسرے ہاف کے 22 ویں منٹ میں فیلڈ گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک قائم رہی۔
ملائیشیا کے کھلاڑیوں نے میچ برابر کرنے کی سرتوڑ کوشش کی مگر حریف ٹیم کے دفاعی کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ان کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا، اس طرح جنوبی کوریا نے ملائیشیا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر پانچویں بار ایشیا کپ جیت لیا، واضح رہے کہ ملائیشیا کو مسلسل دوسری بار ایشیا کپ کے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جنوبی کوریا کو سب سے زیادہ ایشیا کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔














